پیپلز پارٹی کا وفاقی بجٹ کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان

اسلام آباد (آئی این پی )پاکستان پیپلزپارٹی نے وفاقی بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے بجٹ کی منظوری سے قبل ملک گیر احتجاج شروع کرنے کا اعلان کردیا۔یہ اعلان پیپلز لیبر بیورو کے انچارج چوہدری منظور احمد نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔چوہدری منظور کا کہنا تھا امیروں نے امیروں کےلئے بجٹ بنایا جس میں عوام کے لیے کچھ بھی نہیں۔ اشرافیہ کے ہر طبقے کا بجٹ بڑھایا۔ کیا ساری مالی مشکلات غریبوں کے لیے ہےں؟ چوہدری منظور کا کہنا تھا کہ احتجاج کے لیے ملک بھر کی ٹریڈ یونینوں سے رابطے کررہے ہیں۔ٹریڈ یونینز، کسان تنظیموں اور دیگر مزدور طبقوں کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاج کریں گے۔ حکومت کی معاشی پالیسیوں نے محنت کش طبقے کو پس پشت ڈال دیا ہے، جبکہ اشرافیہ کو بے پناہ ریلیف دیا گیا ہے۔چوہدری منظور نے کہا کہ حکومتی معاشی پالیسی کے خلاف ملک گیر احتجاج کریں گے، ہر حد تک جائیں گے،تمام ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہوگی ۔چوہدری منظور کا کہنا تھا کہ بجٹ میں اشرافیہ کے ہر طبقے کو نوازا گیا ہے، جبکہ غریبوں پر مزید بوجھ ڈال دیا گیا ہے، کیا ساری مالی مشکلات صرف غریبوں کیلئے ہیں؟ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے اسپیکر، چیئرمین سینیٹ اور کابینہ اراکین کی تنخواہوں میں بے تحاشا اضافہ کیا ہے جسے مالی فحاشی قرار دیا جا رہا ہے۔رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ ایک طرف کسان رل رہا ہے اور عالمی بینک غربت کی شرح کا رونا رو رہا ہے، 10 سال کے بعد پنشن بند کرنے کا حکومتی فیصلہ انتہائی ظالمانہ اقدام ہوگا، حکومت نے ہر شعبے کی 200 فیصد سے زائد تنخواہ بڑھا دی، محنت کش کی باری آئے تو کہتے ہیں مہنگائی کی شرح کے مطابق اضافہ ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں