اسلام آباد(آئی این پی ) وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل سپہ سالار جنرل عاصم منیر کو امریکا دورے کی دعوت ملی تو بھارت اور پی ٹی آئی کو آگ لگی ہے، پی ٹی آ ئی بھارت کی پراکسی ہے، پی ٹی آئی دور میں ملک اندرونی طور پر دیوالیہ ہوچکا تھا، ہم آج بھی انکی بچھائی بارودی سرنگیں ہٹارہے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلام آباد میں وفاقی ترقیاتی بجٹ کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔احسن اقبال نے کہا کہ پی ٹی آئی اہم امریکی دورے کے دوران مظاہرے کی کال دے رہی ہے، آپ کس حیثیت سے ہم پر تنقید کرتے ہیں؟ پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں، آئی ایم ایف پروگرام بند اور مسلح افواج پر تنقید میں بھارت اور پی ٹی آئی شامل ہے۔وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت نے چارج سنبھالا تو تاریخی تباہی کا سامنا کرنا پڑا، لوگوں کا خیال تھا 4 سے 6 ہفتے کی بات ہے مگر وزیراعظم شہبازشریف نے دلیرانہ قیادت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیاسی طور پر غیر مقبول اور معاشی طور پر ناگزیر اقدامات کیے، ان اقدامات کے نتیجے میں حکومت نے سیاسی سرمایہ گنوایا مگر معیشت کو بحال کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں اس مشکل سفر کا آغاز کیا گیا، سیلاب جیسی تباہ کاریوں کا سامنا کیا ترقیاتی بجٹ کو آگے بڑھایا، پی ٹی آئی دور میں پوری سہ ماہی کیلئے ایک روپیہ جاری نہ ہو سکا ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت میں پاکستان اندرونی طور پر دیوالیہ ہوگیا تھا، تباہ کن سیلاب سے معیشت کو اربوں ڈالر کو نقصان پہنچا، پی ٹی آئی دور مین صرف چور چور کے نعرے لگائے گئے۔ کیا پی ٹی آئی نے 4 سال میں کوئی ایک نیا منصوبہ بنایا؟ چور ڈاکوﺅں کے الزامات لگانے کے سوا پی ٹی آئی نے کچھ نہیں کیا، ان کی ساکھ دیکھنی ہے تو 6 مئی تک ان سوشل میڈیا دیکھ لیں۔ پی ٹی آئی معیشت میں بارودی سرنگیں بچھا کر گئی تھی،پی ٹی آئی نے 4 سالوں میں کوئی بڑے منصوبہ شروع نہیں کیا، ہم آج بھی پی ٹی آئی دور کی بارودی سرنگیں صاف کر رہے ہیں۔احسن اقبال نے کہاکہ پی ٹی آئی والے بھارتی زبان بول رہے ہیں، ان کی پراکسی بن رہے ہیں، یکم اپریل 2022 کو وزارت خزانہ نے ترقیاتی بجٹ کی آخری قسط جاری کرنے سے انکار کیا تھا، ملکی تاریخ میں پہلی بار یہ سانحہ ہوا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت سوچ سمجھ کر اسٹریٹجی سے آگے بڑھ رہی ہے، ہم تیزی سے آگے بڑھنا نہیں چاہتے ایسا نہ ہو ترقی اور وسائل میں لنک کمزور ہو جائے، ہمیں ترقی کیلئے فسکل اسپیس، ٹیکس ریونیو اور ایکسپورٹ چاہیے، ٹیکس ریونیو بڑھانے کیلئے ایف بی آر میں ریفارم کا سلسلہ شروع کیا۔احسن اقبال نے مزید کہا کہ ہمیں پی ٹی آئی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے بلکہ عالمی ادارے پاکستان کی ترقی کی گواہی دے رہے ہیں۔پوری قوم ہماری معاشی کارکردگی دیکھ رہی ہے، ہم نے سیاست کے بجائے پاکستان کی معیشت کو بحال کیا، ہم نے سارا سال ترقیاتی بجٹ کی فنڈنگ کی۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بھارت نے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کیا ہے وہ ہمارا پانی بند نہیں کر سکتا، بھارت جو کر سکتا ہے وہ پانی کے بہا ﺅکو کم زیادہ کرنے کی شرارت ہو سکتی ہے، پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ پانی کے ذخائر کو جلد مکمل کیا جائے گا۔وزیر منصوبہ بندی نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں ٹاسک فورس تشکیل دی ہے جس میں چاروں وزرائے اعلی بھی شامل ہیں، یہ ٹاسک فورس پانی کے ذخائر کی تکمیل اور ترجیحی کو دیکھے گی، حکومت دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کو ترجیحی بنیاد پر بنائے گی۔احسن اقبال نے کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ یا اراکین کی تنخواہوں میں اضافے کو حقیقت پسندانہ ہو کر دیکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کئی اداروں کے ماتحت افراد سربراہ سے زائد پیسے لے رہے ہیں۔ ہمیں اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ اور ارکان کی تنخواہوں میں اضافے کے معاملے کہ حقیقت پسندانہ انداز میں دیکھنا چاہیے۔پریس کانفرنس کے د وران چیف شماریات نے بتایا کہ معاشی گروتھ کے اعداد و شمار پر جس طرح کے اعتراضات آ رہے ہیں، وہ درست نہیں۔ ادارہ شماریات کی ویب سائٹ پر اعدادوشمار کا مکمل ڈیٹا دستیاب ہے۔ گروتھ کے حوالے سے اعدادوشمار مکمل طور پر شفاف ہیں۔ جن افراد کو اعدادوشمار پر اعتراض ہے اس کی وضاحت کے لیے ہمہ وقت موجود ہیں۔
سپہ سالار کو امریکا دورے کی دعوت ملی تو بھارت اور پی ٹی آئی کو آگ لگی ہے، احسن اقبال
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
