لاہور(آئی این پی )انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے پولی گرافک اور فوٹوگرامیٹک ٹیسٹ کرانے سے متعلق پولیس کی درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے یہ فیصلہ جج منظر علی گل نے سنایا۔عدالت کا کہنا تھا کہ پولیس کو دو بار ٹیسٹ کرانے کا موقع دیا گیا، تاہم ملزم کی جانب سے دونوں بار انکار کے بعد اب تیسرا موقع دینا محض وقت کا ضیاع ہوگا۔ عدالت نے فیصلے میں واضح کیا کہ پولیس ملزم کا مطلوبہ ٹیسٹ کرانے میں ناکام رہی۔پولیس نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف جناح ہاﺅس حملے سمیت 12 مقدمات میں تفتیش کے تحت ٹیسٹ کرانے کی درخواست کی تھی، جس کا مقصد شواہد کی تصدیق اور تفتیش میں مزید پیش رفت حاصل کرنا تھا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ پولیس کو مناسب مواقع دیے گئے، مگر ٹیسٹ نہ کرانے کی ذمہ داری خود پولیس پر عائد ہوتی ہے، اس لیے مزید وقت دینا عدالتی وقت کے ضیاع کے مترادف ہوگا۔یاد رہے کہ جناح ہاﺅس حملے سمیت مختلف پرتشدد واقعات میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف انسداد دہشت گردی کے تحت درجن بھر مقدمات درج ہیں۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کے پولی گرافک ٹیسٹ کی درخواست مسترد
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
