فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ کے علاوہ پی آئی اے ملازمین نے بھی قومی ائیرلائن کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کر دی۔
پرائیویٹائزیشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق پی آئی اے ملازمین کی سی بی اے پیپلز یونیٹی کے صدر ہدایت اللہ خان اور آفیسرز کی تنظیم پی آئی اے سینیئر اسٹاف ایسوسی ایشن ساسا کے صدر عقیل صدیقی نے مشترکہ طور پر پی آئی اے کی خریداری کی پیش کش پرائیویٹائزیشن کمیشن میں جمع کرائی۔
قومی ائیرلائن کے ملازمین کا مؤقف ہے کہ ائیرلائن کی خریداری کا پہلا حق ان کا ہے۔
پرائیویٹائزیشن کمیشن کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ نے بھی پی آئی اے کی خریداری کیلئے اپنی پیشکش کرائی ہے۔ اس سے قبل میاں منشا گروپ، عارف حبیب گروپ اور ٹبا گروپ نے بھی پی آئی اے کو خریدنے کیلئے نجکاری کمیشن کو درخواست دے چکے ہیں۔
پی آئی اے کی خریداری کیلئے پیشکش جمع کرانے کی آخری تاریخ 19 جون ہے ۔
وفاقی حکومت اس وقت قومی ائیرلائن پی آئی اے کی فروخت کی دوسری کوشش کر رہی ہے، پی آئی اے کی فروخت کی پہلی کوشش ناکام ہو گئی تھی۔