لاہور(آئی این پی ) آئندہ دو دن کے لیے موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری کردیا گیا ، جس میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔تفصیل کے مطابق پی ڈی ایم اے نے پنجاب کے بیشتر علاقوں میں آئندہ دو دن کے لیے موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری کردیا۔جس میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے مون سون بارشوں کا یہ سلسلہ دس جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے، آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر علاقوں میں شدید مون سون بارشیں متوقع ہیں۔دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں ہونے والی مون سون بارشوں کے بارے میں پی ڈی ایم اے نے رپورٹ جاری کر دی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سب سے زیادہ بارش شیخوپورہ میں اڑتالیس ملی میٹر، لاہور چالیس، گوجرانوالہ چھ ، مری میں پانچ، فیصل آباد میں چار، سیالکوٹ دو اور منڈی بہاالدین میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ترجمان کے مطابق اٹک، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، بہاولنگر، قصور اور بہاولپور میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔بارش سے ہونے والے نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کی گئی ، جس کے مطابق بونیر، ملاکنڈ، کرک مانسہرہ، مہمند اورچارسدہ میں حادثات پیش آئے اور مجموعی طور پرآٹھ گھروں کو نقصان پہنچا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا میں اڑتالیس گھنٹے کے دوران بارشوں اورسیلاب سے چھ افراد جاں بحق اور سات زخمی ہوئے۔ علاوہ ازیں این ڈی ایم اے نے 26 جون سے 7 جولائی کے دوران بارشوں اور سیلاب سے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔این ڈی ایم اے کےمطابق 12روزکے د وران ملک بھر میں 79 لوگ جان سے گئے،خیبرپختونخوا میں 29،پنجاب میں 24 لوگ جاں بحق ہوئے،سندھ میں 15 اور بلوچستان میں 11 افراد کی ہلاکت ہوئی۔این ڈی ایم اے کےمطابق بارشوں اور سیلاب سے 140 لوگ زخمی بھی ہوئے،زخمیوں میں 57 بچے،48 مرد اور 35 خواتین شامل ہیں،66 گھرمکمل تباہ ہوئے،123 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔
آئندہ 2 دن کے لیے موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
