بانی پی ٹی آئی کا موقف ہے کہ حکومت سنجیدہ ہے تو پہلے مثبت اقدامات کرے،بیرسٹرگوہر

راولپنڈی (آئی این پی )چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا موقف ہے کہ حکومت سنجیدہ ہے تو پہلے مثبت اقدامات کرے ، میں ایک ماہ بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے آیا ہوں، پولیس نے ناکے پر روکا ہوا ہے۔راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے قریب داہگل ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی سے ملاقات کے نتیجے میں کوئی نہ کوئی حل نکل سکتا ہے۔بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات ہیں کہ ملاقات میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے، زیادہ لوگ ملیں گے تو اچھے اور دل جوئی والے پیغامات باہر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا ہمیشہ قوم کے لیے اچھا پیغام ہوتا ہے، ہماری کوشش ہے بانی اور بشریٰ بی بی کی فوری رہائی ہو، 700 دن سے زائد عرصہ ہو گیا، بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ جیل میں ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ اگر رہائی نہیں ہو رہی تو کم سے کم رسائی کا موقع دینا چاہیے، آگے بڑھنے کے لیے سختیاں نہیں ہونی چاہیے، رسائی ہوگی تو ہم ان سے ڈسکس کریں گے ہمیں کیا آفر ہے۔ملاقات ہوگی تو اسیران کے خط پر بھی گفتگو ہو گی، وزیراعظم نے پارلیمنٹ میں مصافحہ کرتے کہا تھا ہمیں بات کرنی چاہیے، وزیراعظم نے کہا تھا آپ اسپیکر آفس کو یوٹیلائز کریں۔بانی پی ٹی آئی نے حکومتی مذاکرات کی پیشکش کو ٹھکرا دیا تھا، بانی پی ٹی آئی کا موقف ہے کہ حکومت سنجیدہ ہے تو پہلے مثبت اقدامات کرے، ملاقات ہوئی تو حکومت کی مذاکراتی پیشکش پر بات کروں گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں