ملک عدم استحکام کا شکار،ہر طرف بے یقینی کی صورتحال،مفتی ولی الرحمن

چلاس(پ ر)صوبائی امیر جمعیت علما اسلام گلگت بلتستان مفتی ولی الرحمان نے کہا کہ پاکستان کے اندر ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت علما حق کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جارہا ہے،جمعیت علما اسلام گلگت بلتستان ایسے بزدلانہ کارروائیوں اور دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔مفتی ولی الرحمان نے کہا کہ حکومت علما کو تحفظ دینے میں ناکام نظر آرہی ہے اور مختلف صوبوں کے اندر جید علما دین کی سیکورٹی بھی واپس لے لی گئی ہے جوکہ تشویش ناک ہے۔ریاست ملک میں امن امان کے قیام کیلئے شرپسندوں کے خلاف کریک ڈان کرے اور امن کی بحالی اور علما کے تحفظ کیلئے اقدامات کرے۔گلگت بلتستان سے لیکر صوبہ خیبرپختونخواہ ،پنجاب بلوچستان اور سندھ میں جید علما کرام کو سیکیورٹی فراہم کیجائی اور دہشت گردی کی روک تھام کیلئے اپنے فرائض کی ادائیگی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک عدم استحکام کا شکار ہوچکا ہے ہر طرف بے یقینی کی سی صورتحال ہے مذہبی طبقے کو منظم سازش کے تحت نشانہ بنانا کسی صورت برداشت نہیں،حکومت اپنا رٹ بحال کرے ورنہ جمعیت علما اسلام علما پر ہونے والے قاتلانہ حملوں کے خلاف سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں