اسلام آباد/باغ(مانیٹرنگ ڈیسک) آزادکشمیر کے ضلع باغ کی تحصیل دھیرکوٹ کے نواحی علاقے میں گلگت بلتستان کا شہری قتل کردیا گیا۔محنت کش دائود کو گھر پر مقامی افراد نے حملہ کرکے شدید زخمی کیا ، ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن جانبر نہ ہوسکا،مقتول 6بیٹیوں کا باپ تھا اور کئی سال سے ڈھک دھیرکوٹ میں ہی رہائش پذیر تھا، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا، ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے شروع، آزادکشمیر کی کمیونٹی کا دائود کے قتل پر اظہارافسوس ، قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کردیا، تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والا ٹھیکیدار دائود جو کئی سال سے آزادکشمیر کے ضلع باغ کی تحصیل دھیرکوٹ کے نواحی علاقے ڈھک میں رہائش پذیر تھااور تعمیراتی شعبہ سے وابستہ تھا کو مقامی افراد نے گھر پر حملہ کرکے شدید زخمی کیا، سی ایم ایچ مظفرآباد منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گیا، مقتول کی 6بیٹیاں ہیں اور سب سے چھوٹی بیٹی صرف 2 ماہ کی ہے، ذرائع کے مطابق محمد دائود کئی سال سے ڈھک دھیرکوٹ میں خاندان سمیت رہائش پذیر تھا اور ایک مقامی شخص نے اسے اپنا مکان دے رکھا تھا،مقامی لوگوں کو موقف ہے کہ مقامی لوگوں اور گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے کچھ افراد میں تلخ کلامی پرلڑائی ہوئی جس میں ایک مقامی شخص بھی زخمی ہوا اور مقامی افراد نے دائود کے گھر پر حملہ کیا جس میں دائود کے سرپرچوٹ لگی جو جان لیواثابت ہوئی،ذرائع کے مطابق کچھ مقامی افراد قتل کو ہارٹ اٹیک قرار دے کر معاملہ دبانے کی کوشش بھی کررہے ہیں لیکن سوشل میڈیا پر ہر کوئی اسکی مذمت کررہا ہے اور قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کررہا ہے، لاش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی،تحصیل انتظامیہ دھیرکوٹ کاکہنا ہے کہ قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے گی۔
گلگت بلتستا ن کا محنت کش آزادکشمیر میں قتل
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
