گلگت بلتستان، سیلاب سے متاثرہ آٹھ اضلاع کے 37علاقے آفت زد ہ قرار

گلگت (نامہ نگار) گلگت بلتستان حکومت نے سیلابی تباہی سے دوچار آٹھ اضلاع کے 37 دیہات کو آفت زدہ قرار دے دیا۔جمعرات کے روز محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آفت زدہ قرار دیے جانے والے علاقوں میں گلگت کے 9 ،دیامر 15 ،غذر 5، اسکردو 3، گانچھے 2، شگر 3، نگر اور کھرمنگ کے ایک ایک گاؤں کو آفت زدہ قرار دیا گیا ہے۔ آفت زدہ قرار دئیے جانے والے علاقوں میں گلگت کے پری بنگلہ، جٹل، دنیور، سلطان آباد، بگروٹ، شرروت، شکئیوٹ، سکارکوئی، حسن کالونی KIU گلگت،نگرکے ہرچی گائوں، غذر کے گائوں بیارچی، تھوئی، نذبار، سلپی اور کھنچھے، دیامر کے گائوں کھنر، بوتوگاہ، بونر نالہ، گوڑ فارم، ٹٹو رائیکوٹ، گوشے، داریل، ٹھک بابوسر، چارٹ، جھوٹے، نیاٹ ویلی، تھورے پریکہ اور شاتن نالہ،سکردو کے گائوں برگے، گلتری کالونی، فاپا، کھرپیتو، رگیول،چھنی رگیول، اوسے پرنگ، سرخورے،ضلع گانچھے کے گاوں کندوس اور ہلدی سب ڈویژن مشہ بروم،شگر کے قائم آباد، ارنچو اور چھوترون اور ضلع کھرمنگ کا گائوں طورغون ویلی شامل ہے۔ ان علاقوں میں تیز بارش آسمانی بجلی گرنے سے سیلاب اور لینڈسلائیڈنگ کے خطرات ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جن علاقوں کو آفت زدہ قرار دیا ہے ان میں انسانی جانوں کے نقصانات کے ساتھ گھروں اور فصلوں کے ساتھ انفر ا اسٹرکچر کی تباہی ہوئی ہے، اس بنیاد پر آٹھ اضلاع کے تین درجن مقامات کو حاصل اختیارات کے تحت حکومت نے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دیا ہے،گلگت بلتستان حکومت نے 20 جولائی سے قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ 15 سے 20 ارب روپے بتایا ہے جبکہ اب تک 10 افراد جاں بحق ہوئے ہیں اور ایک درجن افراد لاپتہ ہیں، اور سیلاب میں سیاحوں سمیت مقامی لوگوں کی 20 سے زائد گاڑیاں بھی سیلاب میں بہہ گئی ہیں۔گلگت بلتستان حکومت نے سیلاب سے ہونے والے مالی و جانی نقصانات کے تناظر میں ندی نالوں اور دریا کے کناروں کو ناجائز طور پر قبضہ کر کے مکانات اور عمارتیں بنانے والے افراد کو سیلاب نقصانات کے معاوضے نہ دینے اور مسقبل میں اسکی روک تھام کے لیے قانون سازی کا اعلان کر دیا ہے۔گلگت بلتستان میں سیلاب نقصانات کے جائزے کے لیے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے رابطے پر وزیر اعظم چار اگست کا دودہ کریں گے جس میں وزیراعظم کی طرف سے اہم مالی پیکیج کی امداد کے اعلان کی توقع کی جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں