میٹا نے جولائی 2023 میں ایکس (ٹوئٹر) کے مقابلے پر تھریڈز کو متعارف کرایا تھا اور اب اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو ماہانہ استعمال کرنے والے افراد کی تعداد 40 کروڑ سے زائد ہوگئی ہے۔
یہ اعلان انسٹا گرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے کیا۔
انہوں نے ایک پوسٹ میں بتایا کہ چند ہفتے قبل تھریڈز کے ماہانہ صارفین کی تعداد 40 کروڑ سے زائد ہوگئی تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 2 سال کے دوران تھریڈز نے کافی پیشرفت کی ہے مگر ابھی بھی کافی کام کرنا باقی ہے۔
اس سے قبل اپریل 2025 کے آخری ہفتے میں میٹا کے چیف ایگزیکٹو نے بتایا تھا کہ تھریڈز صارفین کی تعداد 35 کروڑ سے زائد ہوگئی ہے۔
اس کا مطلب ہے کہ 3 ماہ کے دوران اس پلیٹ فارم کے صارفین کی تعداد میں 5 کروڑ کا اضافہ ہوا۔
دوسری جانب ایکس کے ماہانہ صارفین کی تعداد 60 کروڑ ہے، یعنی ایسا ممکن ہے کہ کچھ عرصے بعد تھریڈز اسے پیچھے چھوڑ دے۔
Similarweb کے حالیہ ڈیٹا سے عندیہ ملتا ہے کہ موبائل ڈیوائسز پر تھریڈز کو روزانہ استعمال کرنے والے افراد کی تعداد ایکس کے برابر پہنچنے والی ہے۔
جون 2025 میں تھریڈز کو روزانہ 11 کروڑ 51 لاکھ افراد نے موبائل ایپس میں استعمال کیا گیا جبکہ ایکس کو استعمال کرنے والوں کی تعداد 13 کروڑ 20 لاکھ تھی۔
البتہ ویب سائٹ پر ایکس کے استعمال کرنے والے صارفین اب بھی تھریڈز سے بہت زیادہ ہے۔
ایکس کو جون 2025 میں روزانہ اوسطاً 14 کروڑ سے زائد افراد نے استعمال کیا جبکہ تھریڈز صارفین کی تعداد محض 69 لاکھ تھی۔