ماحولیاتی تبدیلی اس وقت ملک کا سب سے بڑا چیلنج ہے، وفاقی وزیر خزانہ

اسلا م آباد (آئی ا ین پی)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہماری معاشی سمت درست ہے اور عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کی معاشی بہتری کا اعتراف کررہے ہیں، تاہم اس وقت ماحولیاتی تبدیلی سب سے بڑا چیلنج ہے۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ درست وقت پر درست فیصلے ہی کامیابی کی کنجی ہیں، ہماری معاشی سمت درست ہے، موڈیز نے پاکستان کی رینکنگ کو بہترین قرار دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شرح سود میں کمی سمیت دیگر معاشی اعشاریے بہتر ہوئے ہیں، دیگر عالمی مالیاتی ادارے بھی پاکستان کی معاشی بہتری کا اعتراف کررہے ہیں جب کہ مالیاتی استحکام منزل نہیں، ایک مسلسل سفر ہے۔سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ پائیدار معاشی استحکام کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ملکر کام کرنا ہوگا، اس بجٹ میں ہم نے کوشش کی ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کی ابتدا کریں۔ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کیپٹل مارکیٹ میں پانڈا بانڈ کے ذریعے داخل ہورہے ہیں، اگلے ہفتے وزیراعظم کے ساتھ چین کا دورہ کروں گا۔وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ پبلک سرونٹس اہم خدمات انجام دیتے ہیں، ملکی نظم و نسق چلانے میں پبلک سرونٹس کا اہم کردار ہوتا ہے، ملکی نظم و نسق چلانے کے لیے درست فیصلہ سازی کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلی اس وقت ملک کا سب سے بڑا چیلنج ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں