پہلگام واقعہ سے بھارت مسئلہ کشمیر کو چھپا نہیں سکتا، چیئرمین سینیٹ

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہاہے کہ بھارت دنیا کی توجہ اصل حقیقت سے ہٹانا چاہتا ہے، بھارت کشمیر کے مسئلے کو دنیا سے چھپا نہیں سکتا۔پہلگام حملے کی تفتیش سے قبل الزام تراشیوں سے گریز کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری ، گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی اور فاروق ستار نے بھی تقریب میں شرکت کی جبکہ عمان کے قونصل جنرل انجینئر سمعی عبداللہ الخنجری ،جرمنی کے ڈپٹی قونصل جنرل اینڈریاس ویگنر اور یمن کے اعزازی قونصل مرزا اختیار بیگ بھی شریک تھے۔چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے اس موقع پر کہا بھارت کشمیر کے مسئلے کو دنیا سے چھپا نہیں سکتالہذا پہلگام واقعے سے متعلق بھارت پہلے تفتیش پھرالزام تراشی کرے۔انہوں نے کہا آج روٹری کی تقریب میں آکر خوشی ہوئی، روٹری 200 ممالک میں اپنی خدمات انجام دے رہا ہے، پولیو میں بھی یہ اپنی زبردست خدمات دے رہا ہے ، میری وزارت عظمیٰ کے دور میں بھی روٹری نے دیہات میں خواتین کو خود مختار بنانے کیلئے جو کام کیا وہ قابل ستائش ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ روٹری جو کام کر رہا ہے اسکے مثبت اثرات ملک بھر میں نظر آ رہے ہیں، ہمارے ملک کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے،روٹری سے مطالبہ ہے کہ امن کیلئے بھی کام کریں، ہمارا مذہب بھی امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں