اسلام آباد،کراچی (آئی این پی )محکمہ موسمیات نے آج (ہفتہ ) کے روز سے ملک کے بیشتر مقامات پر موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خدشہ ہے، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور سمیت دیگرشہروں میں آج سے 27 اگست تک بارش کا امکان ہے، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، سرگودھا میں آج سے بارش ہونے کی توقع ہے۔خوشاب، میانوالی، بھکر، لیہ، ڈی جی خان اور ملتان میں تیز بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، بھکر، لیہ، مظفر گڑھ، ڈی جی خان، راجن پور، رحیم یار خان میں آج سے 25 اگست تک بارشیں ہونے کی توقع ہے۔پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، کوہاٹ میں 26 اگست تک تیز بارش اور ژالہ باری ہونے کا امکان ہے۔ بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، باجوڑ، گلگت بلتستان،کشمیر میں بھی آج سے بارش ہونے کی توقع ہے۔کوئٹہ، ژوب، شیرانی، بارکھان، خضدار، قلعہ عبداللہ میں آج سے25 اگست تک بارش کا امکان ہے۔ پنجگور، کیچ، کراچی، سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، دادو، جیکب آباد، جامشورو میں بھی بارش ہونے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات نے راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، پشاور، نوشہرہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے، مردان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، دیر، گلگت بلتستان اور کشمیر میں فلیش فلڈنگ ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بارشوں کے دوران عوام احتیاط کریں اور غیرضروری سفرسے گریز کریں۔ زیریں سندھ میں اکثر مقامات پر تیز ہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش کی توقع ہے۔ بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، شمال مشرقی پنجاب اور خطہ پوٹھوہار میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہونے کا امکان ہے۔دوسری جانب کراچی میں بارشوں کا سبب بننے والا مون سون سلسلہ کمزور پڑ گیا تاہم آ ئندہ 24گھنٹوں میں صرف ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے۔ترجمان محکمہ موسمیات کراچی انجم نذیر ضیغم کے مطابق کراچی میں حالیہ مون سون سسٹم کمزور پڑ گیا ہے تاہم بارش کا اگلا اسپیل 27 اگست سے متوقع ہے۔ فی الوقت، شہر میں موسلادھار بارشوں کا کوئی امکان نہیں ہے۔محکمہ موسمیات کی 21 اگست کو جاری کی گئی ایڈوائزری ملک کے بالائی علاقوں کے لئے ہے، جن میں بشمول کشمیر، پنجاب، خیبر پختون خوا، بلوچستان اور شمال مشرقی سندھ شامل ہے۔تازہ ایڈوائزری میں کراچی کا ذکر تیکنیکی طور پر (کراچی میں سسٹم کی تاخیر سے آمد) کے پیش نظر نہیں ہے۔ مون سون سسٹم کے تحت منگل سے جمعرات کے درمیان کراچی میں 200 سے زائد ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔موسلادھار بارش کے سبب کراچی میں منگل کو اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوگئی جس سے مالی و جانی نقصان بھی ہوا جبکہ شہر کی اہم شاہراہیں اور انڈر پاسز بارش کے پانی سے بھر گئے۔ادھر حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہوگیا، شہر کے اطراف میں موجود پہاڑیوں سے آنے والا پانی لطیف آباد میں داخل ہوگیا۔ کوہسار کے پہاڑیوں سے آنے والا پانی لطیف آباد کے علاقے میں داخل ہوگیا ہے، لطیف آباد 11 نمبر کے مہر علی سوسائٹی میں پانی داخل ہوا، اہل علاقہ نے بتایا کہ پانی کو نہیں روکا گیا تو مہر علی سوسائٹی، جناح کالونی و دیگر علاقے ڈوب جائیں گے۔علاقہ مکین کا مزید کہنا تھا کہ ایریا میں مسلسل بجلی منقطع ہے، بجلی کی مسلسل بندش کے باعث علاقے میں پینے کے پانی کی بھی قلت پیدا ہوگئی۔ادھر کراچی کے 100 فیڈرز پر بجلی کی فراہمی تاحال بحال نہ ہوسکی جس کے باعث شہری رل گئے۔صدر، جوبلی مارکیٹ میں جمعرات کی رات 9 بجے جبکہ عزیز آباد بلاک 8 میں شام 7 بجے سے بجلی معطل ہے۔ماڈل کالونی، شیٹ ون ، مسلم ہاﺅسنگ سوسائٹی اسکیم 38 میں منگل کی شام 7 بجے سے علاقہ مکین بجلی کے منتظر ہیں۔گلستان جوہربلاک 9 کے رہائیشیوں نے بجلی کی عدم فراہمی پر احتجاج ریکارڈ کرایا، شہریوں نے ڈھول کی تھاپ پر کےالیکٹرک کے دفتر کے باہر مظاہرہ کیا، شہریوں کا کہنا تھا کہ 3 روز سے علاقے کی بجلی بند ہے، گھروں میں پانی بھی نہیں۔ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق 100 فیڈرپربجلی بحالی کےلئے کام جاری ہے، 2100 میں سے 2000 فیڈر سے بجلی فراہم کی جارہی ہے۔ جبکہ شہر قائد کراچی میں بارش کے باعث 2 روز تک سکول بند رکھنے کے بعد متعدد نجی سکولوں نے جمعہ کوبھی بچوں کو چھٹی دینے کا اعلان کر دیا۔کراچی میں سرکاری سطح پر سکول بند رکھنے کا اعلان فی الحال نہیں کیا گیا، بعض سکولوں کی جانب سے طلبہ کو آن لائن کلاسز کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ متعدد نجی سکولوں نے جمعہ کو بھی سکول بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کی آج سے ملک کے بیشتر مقامات پر موسلادھار بارش کی پیشگوئی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
