54 سال بعد یوٹیلٹی اسٹورز ختم، وفاقی کابینہ نے منظوری دے دی

اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی کابینہ نے ملک بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن ختم کرنے کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم شہباز شریف کے زیر صدارت جمعہ کووفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کو ختم کرنے کی منظوری دی گئی، جس کے بعد 54 سال بعد ملک بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز کا حتمی طور خاتمہ ہو گیا۔وفاقی کابینہ کے اس منظوری کے بعد یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے تمام ملازمین بھی فارغ ہوں گے۔اس سے قبل یوٹیلٹی اسٹورز گزشتہ ماہ 31 جولائی کو بند کر دیے گئے تھے اور وزارت صنعت وپیداوار نے یوٹیلٹی اسٹورز بند کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا تھا۔یوٹیلیٹی اسٹورز وزیراعظم شہباز شریف اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری کے بعد بند کیے گئے تھے۔واضح رہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن 1971 میں قائم کی گئی تھی۔ جس کا مقصد کم آمدنی والے طبقے کو اشیا خورو نوش کی قیمتوں میں ریلیف دینا تھا۔ابتدا میں ملک میں صرف 20 اسٹور کھولے گئے تھے، جو اسٹاف ویلفیئر آرگنائزیشن نامی تنظیم سے حاصل کیے گئے تھے۔ تاہم نصف صدی کے دوران ان کی تعداد میں اضافہ ہوتا گیا اور یہ ملک کے گوشے گوشے میں پھیل گئے۔ رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں چار ہزار سے زائد یوٹیلٹی اسٹورز قائم تھے اور مجموعی طور پر 17 ہزار ملازمین کام کر رہے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں