ڈکی بھائی کے بعد اب چار مزید سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو آن لائن جوا (گیمبلنگ) اسکینڈل میں سائبر کرائم ایجنسی نے طلب کر لیا ہے۔
29 اگست کو نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے اقرا کنول، انس علی، حسنین شاہ اور مدثر حسن کو نوجوانوں کو آن لائن جوا انویسٹمنٹ کی ترغیب دینے، اس کی تشہیر کرنے اور معصوم لوگوں کی محنت کی کمائی کو غیر رجسٹرڈ اور بغیر لائسنس ٹریڈنگ ایپس میں لگوانے پر نوٹس جاری کیے ہیں۔
نوٹس میں ان سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 2 ستمبر کو لاہور میں واقع این سی سی آئی کے دفتر آ کر اپنے دفاع میں بیانات ریکارڈ کروائیں تاکہ منصفانہ ٹرائل کا عمل مکمل کیا جا سکے۔ ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اگر وہ مقررہ وقت پر پیش نہ ہوئے تو یہ سمجھا جائے گا کہ ان کے پاس اپنے دفاع کے لیے کچھ پیش کرنے کو نہیں ہے۔
ڈکی بھائی کی گرفتاری کے بعد این سی سی آئی اے نے 46 ایسی ایپس کی فہرست جاری کی تھی جن میں کھیلوں کے نام پر جوا اور غیر قانونی فارن و بائنری ٹریڈنگ کے ذریعے لوگوں کے پیسے ہتھیائے جا رہے تھے۔ اس سے پہلے سادر رحمان المعروف ڈکی بھائی کو بھی جوا کروانے والی ایپس کی تشہیر کے الزامات پر گرفتار کیا گیا تھا۔ فی الحال وہ عدالت سے جسمانی ریمانڈ ملنے کے بعد این سی سی آئی اے کی تحویل میں ہیں۔