بھارتی دعوے غلط، جنگ بندی کی درخواست نہیں کی تھی، پاکستان

پاکستان نے بھارتی میڈیا کے اس دعوے کو سختی سے مسترد کر دیا ہے کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان نے جنگ بندی کی درخواست کی تھی۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ گزشتہ شب بھارتی میڈیا کی جانب سے کیے جانے والے دعوئوں کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتے ہیں کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کے بعد جنگ بندی کی درخواست کی۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اپنے انٹرویوز اور بیانات میں واضح کیا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جو ہمارے حقِ دفاع کا حصہ تھا۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ جنگ بندی کے عمل میں دوست ممالک خاص طور پر سعودی عرب اور امریکا نے کلیدی کردار ادا کیا، واقعات کی ترتیب واضح طور پر ظاہر کرتی ہے کہ پاکستان نے نہ تو خود جنگ بندی کی پیشکش کی اور نہ کسی تیسرے فریق سے ایسا کرنے کو کہا، بلکہ 10 مئی 2025 کو صبح 8 بج کر 15 منٹ پر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے رابطہ کر کے اطلاع دی کہ بھارت جنگ بندی پر آمادہ ہے، بشرطیکہ پاکستان بھی تیار ہو۔ترجمان کے مطابق ڈپٹی وزیراعظم نے پاکستان کی طرف سے اس پیشکش کو قبول کرنے کی تصدیق کی، بعد ازاں، صبح 9 بجے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بھی اسحاق ڈار سے رابطہ کیا اور بھارتی آمادگی کی بابت اسی نوعیت کی تصدیق اور جواب طلب کیا جیسا کہ امریکی وزیر خارجہ نے کیا تھا۔ترجمان نے کہا کہ اس پوری صورتحال میں پاکستان کا موقف واضح رہا کہ اس نے اپنے دفاع کا حق استعمال کیا اور کسی قسم کی جنگ بندی کی التجا نہیں کی بلکہ ذمہ دار ریاست کے طور پر مناسب موقع پر سفارتی پیش رفت کو قبول کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں