صدر مملکت اور وزیراعظم کی سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کی مذمت

صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں بھارت کی حمایت یافتہ پراکسی فتنہ الخوارج کے سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کی شدید مذمت کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے صوبیدار زاہد اقبال، حوالدار سہراب خان، حوالدار میاں یوسف، نائیک خطاب شاہ، لانس نائیک اسماعیل، سپاہی راحیل، سپاہی محمد رمضان، سپاہی زبیر، سپاہی محمد ساحکی، سپاہی نواب، سپاہی ہاشم عباسی، سپاہی مدثر اعجاز اور سپاہی منظر علی کو خراج عقیدت پیش کیا۔شہباز شریف نے دہشت گرد حملے میں معصوم شہریوں کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور شہدا کیلئے بلندی درجات کی دعا کی اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔شہباز شریف نے جوابی کارروائی میں 14 خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں نے بزدلانہ کارروائی کی، پوری قوم شہدا کو سلام پیش کرتی ہے۔صدر آصف علی زرداری آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے 13 بہادر جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر مادرِ وطن کے تحفظ کو یقینی بنایا۔انہوں نے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، دفاع وطن کی راہ میں جان قربان کرنے والے ہمارے اصل ہیرو ہیں، ایسا بزدلانہ حملہ قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتا۔صدر مملکت نے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے 14 خوارج جہنم واصل کرنے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستانی قوم اور سکیورٹی فورسز بھارتی سرپرست دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں