بھارتی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)، بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف کے بعد اب انڈونیشیا میں بھارت کے دفاعی اتاشی نے بھی اعتراف کر لیا کہ 7 مئی کو پاک فضائیہ نے بھارتی جنگی جہاز مار گرائے تھے۔
کیپٹن شیو کمار نے گرائے گئے بھارتی جنگی جہازوں کی تعداد نہیں بتائی۔
انڈونیشیا میں سیمنار سے خطاب میں بھارتی دفاعی اتاشی نے کہا کہ جنگی جہاز اتنے نہیں گرے جتنے بتائے جا رہے ہیں، ساتھ یہ عذر بھی تراشہ ہے کہ بھارتی جنگی طیارے اس لیے گرائے گئے کیوں کہ سیاسی قیادت نے بھارتی فضائیہ کو پاکستان کے فوجی اہداف کو نشانہ نہ بنانے کی ہدایت کی تھی۔
بھارتی اتاشی کی جانب سے بیان سامنے آنے پر بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نے مودی سرکار کو ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔کانگریس کا کہنا ہے کہ مودی سرکار نے قوم کو گمراہ کیا اور یہ بتانے میں ناکام رہی کہ آپریشن سندور میں بھارت کے کتنے جنگی جہاز تباہ ہوئے۔