ٹک ٹاک میں ایک نئے میسجنگ ٹول بلیٹن بورڈز کی آزمائش کی جا رہی ہے۔
سوشل میڈیا کمپنی کی جانب سے اس فیچر کی آزمائش کی تصدیق کی گئی ہے جس سے برانڈزاور کریٹیرز کو اپنے فالوورز سے متعدد پیغامات شیئر کرنے کا موقع ملے گا۔
یہ فیچر انسٹا گرام کے براڈ کاسٹ چینلز اور واٹس ایپ چینلز سے ملتا جلتا ہے۔
انسٹا گرام براڈ کاسٹ چینلز کی طرح ٹک ٹاک کے بلیٹن بورڈ میں صرف کریٹیر ہی میسجز پوسٹ کرسکے گا جبکہ فالوورز اس پر ایموجیز کے ذریعے اپنے ری ایکشنز کا اظہار کرسکیں گے۔
بلیٹن بورڈز میں ٹیکسٹ، تصاویر اور ویڈیوز پوسٹس کو کرنا ممکن ہوگا۔اس فیچر کا بنیادی مقصد کریٹیرز اور برانڈز کو اپ ڈیٹس اور مواد کے پس منظر سے جڑے مواد کو شیئر کرنے کی سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے فالوورز سے زیادہ قریب ہوسکیں۔
یہ فیچر کریٹیرز کو اپنا مواد زیادہ پھیلانے میں مدد فراہم کرے گا کیونکہ ان کی پوسٹس براہ راست فالوورز تک پہنچ جائیں گی۔
چونکہ ابھی یہ فیچر آزمائشی مراحل سے گزر رہا ہے تو ابھی یہ واضح نہیں کہ اسے عام صارفین کے لیے بھی متعارف کرایا جائے گا یا نہیں۔یہ پہلی بار نہیں جب ٹک ٹاک نے انسٹا گرام سے متاثر کسی فیچر کو متعارف کرایا ہے۔
اس سے قبل 2022 میں ٹک ٹاک میں اسٹوریز کا اضافہ کیا گیا تھا جو انسٹا گرام اسٹوریز جیسا تھا جبکہ انسٹا گرام نے ٹک ٹاک کی مختصر ویڈیوز کے فیچر کو ریلز کے نام سے اپنی ایپ کا حصہ بنایا۔