حماس کو جڑ سے ختم کریں گے، حماستان نہیں ہوگا،اسرائیلی وزیر اعظم کی دھمکی

تل ابیب( آئی این پی )اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے حماس کو ختم کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ حماستان نہیں ہوگا، ہم واپس اس طرف نہیں جائیں گے، یہ ختم ہو چکا ہے۔ غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق ا سرائیلی وزیراعظم نے تاحال امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا کہ اسرائیل نے غزہ میں 60 روزہ جنگ بندی کے منصوبے کی حمایت کی ہے۔واشنگٹن میں صدر ٹرمپ کے ساتھ طے شدہ ملاقا ت سے ایک ہفتہ قبل انہوں نے حماس کو اس کی بنیاد تک تباہ کرنے کا عزم ظاہر کیا۔غزہ کی شمالی سرحد کے قریب اشکیلون شہر میں اپنے بیان میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا کہ ہم اپنے تمام یرغمالیوں کو آزاد کر دیں گے، اور ہم حماس کو ختم کر دیں گے۔ حماستان نہیں ہوگا۔ ہم واپس اس طرف نہیں جائیں گے یہ مزید نہیں ہو گا۔اسرائیلی وزیر اعظم نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل حماس کو ان کی بنیادوں تک تباہ کر دے گا۔رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو کا بیان اس وقت سامنے آیا جب حماس نے کہا کہ وہ جنگ بندی کے لیے نئی تجاویز پر غور کر رہی ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ اسے مصر اور قطر کے ثالثوں کی طرف سے تجاویز موصول ہوئی ہیں اور وہ ان کا جائزہ لے رہی ہے۔دوسری جانب اسرائیلی وزیر خارجہ گیڈیون سار نے کہا کہ ان کا ملک فلسطینی تنظیم حماس کے ساتھ غزہ میں جنگ ختم کرنے اور وہاں یرغمال بنائے گئے افراد کی واپسی کے لیے معاہدہ کرنے کے حوالے سے سنجیدہ ہے۔ایسٹونیا کے دارالحکومت ٹالن میں ایک پریس کانفرنس کے دوران، گیڈیون سار نے کہا کہ ہم یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے کے لیے سنجیدہ ہیں۔ ہم نے (امریکی) خصوصی ایلچی اسٹیو وِٹکوف کی تجاویز کو قبول کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کچھ مثبت اشارے موجود ہیں۔ میں اس سے زیادہ ابھی کچھ نہیں کہنا چاہتا، لیکن ہمارا مقصد ہے کہ جلد از جلد بات چیت شروع کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں