پاکستان کی مقبول ترین کرکٹ لیگ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) نے ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے اپنے300 میچز مکمل کرلئے۔
یہ تاریخی میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا گیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نہ صرف پی ایس ایل کے پہلے میچ میں شریک تھی بلکہ 300 ویں میچ کا بھی حصہ بنی۔
لیگ کے آغاز سے لیکر اب تک کئی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی سے اسے یادگار بنایا۔بابراعظم نے تمام10 سیزنز میں شرکت کی اور ریکارڈز کے انبار لگا دیئے۔وہ لیگ میں سب سے زیادہ 3621 رنز، 34 نصف سنچریاں، 401 چوکے، 96 میچز اور 49 کیچز کے ساتھ سب سے آگے ہیں۔
فاسٹ بائولر حسن علی ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ 121 وکٹیں لے کر سرفہرست ہیں۔ انگلینڈ کے جیسن روئے نے145 رنز کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلی، جبکہ فخر زمان نے90 چھکے لگا کر سب سے زیادہ چھکوں کا اعزاز حاصل کیا۔روی بوپارا کی6 وکٹیں صرف16 رنز کے عوض بہترین انفرادی بائولنگ اسپیل قرار پایا۔