نگراں وزیراعظم سے براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن وفد کی ملاقات

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات ،وزیراعظم نے براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد کو اشتہارات کے واجبات کی ادائیگی کا یقین دلایا،ملاقات میں ملک میں ذرائع ابلاغ، خصوصا برقی ذرائع ابلاغ کے مسائل کے حوالے سے گفتگو کی گئی، وفد نے وزیراعظم کو اشتہارات کے ضمن میں حکومت کی جانب سے واجبات کی عدم ادائیگی کے مسئلے کے حوالے سے آگاہ کیا،وزیراعظم نے براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد کو اشتہارات کے واجبات کی ادائیگی کا یقین دلا تے ہوئے وزارت اطلاعات و نشریات کو اس مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کی ہدایت کی،انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ذرائع ابلاغ ریاست کا چوتھا ستون ہیں اور معاشرے کی تعمیر و ترقی اور عوام کی ذہنی اور فکری تربیت میں انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے حقوق کا تحفظ بھی ریاست کی ذمہ داری ہے، حکومت اور ذرائع ابلاغ کے موثر اور مربوط رابطے سے عوام حکومتی پالیسیوں اور اقدامات سے باخبر رہ سکتے ہیں،وزیراعظم نے کہا کہ گڈ گورننس اور حکومتی کارکردگی کے احتساب میں ذرائع ابلاغ کا کلیدی کردار ہے، امید ہے کہ ذرائع ابلاغ غیر جانبدارانہ رپورٹنگ کے ذریعے جمہوریت کے استحکام میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے،نگران وزیراعظم نے وفد کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت معاشی استحکام کی حکمت عملی کی اہمیت کی میڈیا کے ذریعے آگاہی بڑھانے پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قدر میں حالیہ کمی، سمگلنگ کی روک تھام، بجلی چوری کے تدارک اور دیگر اقدامات سے عام آدمی کو فائدہ پہنچ رہا ہے،ملاقات میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات، سیکرٹری اطلاعات و نشریات اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر شامل تھے،وفد میں چیئرپرسن پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن شکیل مسعود، سیکرٹری جنرل پی بی اے میاں عامر محمود شریک ہوئے، سینئر وائس چیئرمین میر ابراہیم رحمن اور طاہر خان بھی شامل تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں