سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور عالمی برادری مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرے،کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے جاری پیغام میں صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ 27اکتوبر1947کو بھارت نے کھلی جارحیت کرتے ہوئے جموں و کشمیر پر فوج کشی کی، 76سال سے بھارت عالمی قانون، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چوتھے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے، ناجائز قبضے کو طول دینے کےلئے بھارت نے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے ہیں،شہباز شریف نے کہا کہ 5اگست 2019کو بھارت نے 27اکتوبر 1947کی سیاہ تاریخ دہرائی، 76سال میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کے خلاف بھارتی جبر واستبداد کا ہر ہتھکنڈا ناکام ہوا ہے، مقبوضہ جموں وکشمیر کے بہادر عوام اور قیادت کو ان کی دلیرانہ اور عظیم قربانیوں پر مشتمل تاریخی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں،سابق وزیراعظم نے کہا کہ کشمیری نسل در نسل اپنی آزادی کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں، ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کی شہادتیں اس غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہیں، جموں وکشمیر اور فلسطین کے تنازعات کا 76سال میں حل نہ ہونا اقوام متحدہ اور بحیثیت مجموعی عالمی برادری کی بڑی ناکامی ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین میں بہتا لہو دنیا کو تباہی کی طرف دھکیل رہا ہے،انہوں نے کہا کہ قابض افواج کے جنگی جرائم، نسل کشی اور تمام مظالم بند کرائے جائیں، ظلم کرنے سے ناجائز قابضین کا قبضہ جائز ہوا ہے نہ ہو گا، عالمی اداروں اور دنیا کو انسانی حقوق، اقوام متحدہ کے منشور اور عالمی قانون پر یکساں اور بلاامتیاز عمل درآمد کرانا ہو گا،شہبازشریف نے مزید کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر اور فلسطین کے عوام کے بنیادی انسانی و قانونی حقوق اور استصواب رائے کا حق مل جانے تک اپنے مظلوم بھائیوں بہنوں کی مدد کرتے رہیں گے، شہدا کے درجات کی بلندی اور مقبوضہ علاقوں کی آزادی کی دعا کرتے ہیں۔
یواین و عالمی برادری کشمیریوں، فلسطینیوں سے کیے وعدے پورے کرے، شہباز شریف
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
