بھارتی فورسز نے سمندر سے 15 پاکستانی ماہی گیروں کو گرفتارکرلیا، پاکستان فشر فوک فورم نے پاکستانی حکومت سے ماہی گیروں کی رہائی کے لیے سفارتی سطح پر معاملہ اٹھانےکی اپیل کی ہے۔
ترجمان فشر فوک فورم کے مطابق کوری کریک کی سمندری حدود سے تعلق رکھنے والے ضلع سجاول کے 15 ماہی گیر کل ماہی گیری کے دوران اپنی کشتی سمیت گرفتار کر لیےگئے۔
فشر فوک فورم کا کہنا ہے بار بار پاکستانی ماہی گیروں کو بھارتی فورسز کی جانب سے حراست میں لینا انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے، وہ سمندر میں روزی روٹی کے لیے جاتے ہیں لیکن سرحدی تنازعات کی بھینٹ چڑھ جاتے ہیں۔
فشر فوک رہنماؤں نے حکومت پاکستان اور وزارتِ خارجہ سے پرزور مطالبہ کیا ہےکہ فوری طور پر سفارتی سطح پر معاملہ اٹھایا جائے اورگرفتار ماہی گیروں کی رہائی یقینی بنائی جائے۔