ایران اسرائیل جنگ: آج مسلمان متحد نہ ہوئے تو کل سب کی باری آئیگی: خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ تمام مسلم ممالک متحد ہو کر اسرائیل کا مقابلہ کریں کیونکہ اگر آج مسلم دنیا متحد نہ ہوئی تو سب کی باری آجائے گی۔سپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اس وقت ایران اور اسرائیل میں جنگ جاری ہے، گزشتہ رات اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا، ایران کی ملٹری تنصیبات کو نشانہ بنایا اور ملٹری قیادت کو شہید کیا گیا، اس ساری صورتحال میں اسرائیل اکیلا نہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ ایران ہمارا ہمسائیہ ملک ہے جس کے ساتھ صدیوں سے تعلقات ہیں، ایران کے ساتھ تاریخی رشتہ ہے، آزمائش کی گھڑی میں ہر طریقے سے ایران کے ساتھ ہیں، ہم ایرانی مفادات کی حفاظت کریں گے، ایرانی ہمارے بھائی ہیں، ان کا دکھ درد، غم مشترک ہے، اسرائیل نے یمن، ایران اور فلسطین کو نشانہ بنایا ہوا ہے، عالم اسلام کا اتحاد ضروری ہے، اگر آج مسلم دنیا متحد نہ ہوئی اور ہم خاموش رہے تو سب کی باری آجائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ او آئی سی کا اجلاس بلایا جائے، تمام مسلم ممالک متحد ہو کر اسرائیل کا مقابلہ کریں، اسرائیل کے خلاف دنیا میں مضبوط آواز اٹھ رہی ہے، مغربی دنیا کی غیر مسلم عوام اسرائیل کے خلاف احتجاج کر رہی ہیں، غیر مسلموں کے ضمیر جاگ رہے ہیں لیکن مسلمانوں کے نہیں۔خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے مؤقف پر روز اول سے مضبوطی سے کھڑا ہے، اسرائیل کو تسلیم کیا نہ ہی تعلقات بنائے، پچھلے چند سالوں میں کچھ پاکستانی نژاد اسرائیل گئے لیکن کس طرح گئے کس نے معاونت دی میں اس کی تفصیلات میں نہیں جاتا۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کا اتحاد اس وقت نظر آنا چاہیے، اسلامی دنیا میں اسرائیل کے ساتھ تعلقات منقطع ہونے چاہئیں، اسرائیل کے ہاتھ مسلمانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، اس ہاتھ کو جھٹک دینا چاہیے۔خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت نے ہم پر حملہ کیا جس کی اسے بہت بھاری قیمت ادا کرنی پڑی، بھارت کے اندر حکمران تذلیل کا شکار ہوئے، بھارت کا دنیا کے سامنے طلسم بھی مسمار ہوا، ہماری افواج کی مضبوطی اور عوام کے عزم نے یہ ممکن بنایا، ہم نے اپنے سے 5 گنا بڑے دشمن کو مٹی میں رول دیا۔اپنی تقریر میں انہوں نے کہا ہے کہ کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) بھارت کے ایجنٹ ہیں، بی ایل اے والے بھارت کی جنگ لڑ رہے ہیں، اگر کوئی بی ایل اے کا ہمدرد ہے تو وہ ملک کا غدار ہے۔وزیر دفاع نے اپنی تقریر میں ایک بار پھر ”ابھینندن“ کے واقعے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جب بھارتی پائلٹ کو گرفتار کیا گیا تو کمیٹی روم نمبر 2 میں ڈیڑھ گھنٹے تک اجلاس ہوتا رہا، اس وقت کے وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان مشورے ہوتے رہے لیکن آخرکار ہم نے دشمن کو واپس بھیج دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ وہ لمحہ تھا جب ایوان میں کانپیں ٹانگنے کی باتیں ہوئیں، یہ تاریخ ہے جس پر ہم آج بھی شرمندہ ہیں، اس وقت بھی پاک فضائیہ نے بھارت کو شکست دی تھی مگر سیاسی قیادت کی کمزوری نے قومی وقار کو نقصان پہنچایا۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت کے وزیراعظم اور آرمی چیف نے قومی وقار کو ٹھیس پہنچائی تھی لیکن اس کے باوجود پاکستان ایئرفورس نے شاندار فتح حاصل کی۔خواجہ آصف نے کہا ہے کہ میں نے دونوں ادوار کی صورتحال خود دیکھی، اس وقت کے وزیراعظم اور آرمی چیف کا حوصلہ بھی دیکھا اور آج کی قیادت کا بھی، بھارت نے پاکستان پر جارحیت کی اور اسے بھرپور جواب دیا گیا، کسی مرحلے پر کسی کے ذہن میں یہ خیال تک نہیں آیا کہ قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ کریں گے۔انہوں نے پاک افواج کی جرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہماری افواج کے حوصلے بے مثال تھے، ایک طویل مدت کے بعد ریاست میں اعتماد بحال ہوا، عوام کا اعتماد بحال ہوا کہ ان کے محافظ دلیر اور باحوصلہ ہیں۔وزیر دفاع نے پاک فضائیہ کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایئر فورس نے کمال کر دکھایا، جنہوں نے حملہ کیا وہ بھی عش عش کر اٹھے، ہمیں اس تاریخی فتح پر تا قیامت فخر رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں