گلگت(پ ر)وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبرخان سے(اگیگا)کے وفدنے ملاقات کی ۔ وفد نے ملاقات کے آغاز میں وزیر اعلی کو ملازمین کے مسائل اور مطالبات پر مشتمل ایک تفصیلی چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا۔ صدر اگیگا گلگت بلتستان نے وضاحت کی کہ یہ چارٹر تین حصوں پر مشتمل ہے: وفاقی سطح پر ان مطالبات پر مشتمل ہے جو وفاقی حکومت سے متعلق ہیں اور پورے پاکستان کے سرکاری ملازمین بشمول گلگت بلتستان کے ملازمین کا مشترکہ اور دیرینہ مطالبہ ہیں۔ صوبائی سطح پر ان امور پر مشتمل ہے جو براہ راست گلگت بلتستان حکومت کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں اور یہاں کے سرکاری ملازمین سے متعلق ہیں محکمانہ سطح پر ہر محکمے کے اندرونی مسائل سے متعلق نکات پر مشتمل ہے، جنہیں اگیگا گلگت بلتستان متعلقہ محکمانہ ایسوسی ایشنز کے ساتھ مل کر حل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان نے چارٹر آف ڈیمانڈ کا بغور جائزہ لیا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان سرکاری ملازمین کو اہم اثاثہ سمجھتی ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھائے گی۔ ملاقات کے دوران اگیگا قیادت نے وفاقی بجٹ 2025-26 میں دی گئی 30 فیصد ڈسپیریٹی ریلیف الانس اور 10 فیصد ایڈہاک ریلیف الانس کی گلگت بلتستان میں بھی مساوی اطلاق کی اپیل کی۔ وزیر اعلی نے اس پر مکمل اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ وفاق میں جو مراعات دی گئی ہیں، ہم وہی گلگت بلتستان کے سرکاری ملازمین کو بھی دیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ، ون ٹائم اسپیشل ڈسپینسشن پر بھی تبادلہ خیال ہوا، جس پر وزیر اعلی نے کہا کہ اگر متعلقہ محکمہ اس سلسلے میں سفارشات پیش کرے تو حکومت ان پر مثبت عملدرآمد کرے گی۔ وفد نے کنٹی جینٹ پیڈ اسٹاف کے مسائل کی بھی نشاندہی کی، جن پر وزیر اعلی نے ہمدردانہ غور اور مناسب اقدامات کی یقین دہانی کروائی اگیگا گلگت بلتستان اس ملاقات کو ملازمین کے حقوق کے تحفظ کی سمت ایک اہم پیش رفت قرار دیتی ہے اور تنظیم اپنے موقف پر مضبوطی سے قائم رہتے ہوئے آئندہ بھی ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔
وزیراعلیٰ کی سرکاری ملازمین کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
