ایران اور اسرائیل نے جنگ بندی پر اتفاق کرلیا،ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران اور اسرائیل نے جنگ بندی پر اتفاق کرلیا ہے۔ دونوں ممالک کو امن کی جانب آنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ ایران کی جانب سے جنگ بندی کے 12 گھنٹے بعد اسرائیل جنگ بندی کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ اب سے 24 گھنٹے بعد 12دن کی جنگ مکمل ختم ہوجائے گی، ہر فریق کی جنگ بندی کے دوران دوسرا فریق پرامن اور بااحترام رہے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ دونوں ممالک نے جنگ کو ختم کرنے کے لیے استقامت، ہمت اور ذہانت کا مظاہرہ کیا ہے، جسے ’12 روزہ جنگ‘ کہا جانا چاہیے۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ یہ ایک ایسی جنگ تھی جو برسوں جاری رہ سکتی تھی اور یہ پورے مشرق وسطیٰ کو تباہ کرسکتی تھی، مگر ایسا نہیں ہوا، اور اب کبھی نہیں ہوگا۔

اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ خدا اسرائیل، ایران، مشرق وسطیٰ، امریکا اور پوری دنیا پر اپنا رحم کرے۔ دوسری جانب ایران کے سینئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ ایران کو جنگ بندی کی کوئی تجویز موصول نہیں ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں