مستونگ: فتنہ الہندوستان کا تحصیل دفتر، بینکوں پر حملہ، لڑکا شہید، 2دہشت گرد ہلاک

مستونگ میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے تحصیل دفتر اور بینکوں پر حملہ کر دیا، فائرنگ اور دھماکے میں ایک لڑکا شہید جبکہ 8 افراد زخمی ہو گئے، فورسز کی کارروائی میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔ مستونگ میں دہشت گردوں نے تحصیل دفتر کی تین گاڑیاں اور اہم ریکارڈ جلا دیا، مسلح افراد نے بینک ریکارڈ اور نقدی بھی لوٹ لی، مسلح افراد نے شہر بھر میں شدید فائرنگ کی جس سے ایک سولہ سالہ لڑکا جاں بحق اور آٹھ افراد زخمی ہو گئے جنہیں غوث بخش رئیسانی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے بتایا ہے کہ واقعہ کے فوراً بعد ایف سی، سی ٹی ڈی اور لیویز نے علاقے کا محاصرہ کر لیا، سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا، شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔شاہد رند نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے جبکہ تین زخمی ہوئے ہیں، علاقے میں موجود دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائی جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کا فوری ردعمل جانی نقصان کو مزید بڑھنے سے روکنے میں مؤثر رہا ہے، حملے کے مقام پر فورسز نے منظم انداز میں کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے۔ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق شہریوں کے تحفظ اور دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کی جا رہی ہے، سیکیورٹی اداروں نے حملہ آوروں کے سہولت کاروں کی تلاش بھی شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں