جوڈیشل کمیشن نے پشاور، بلوچستان، سندھ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے مستقل چیف جسٹس صاحبان کے ناموں کی منظوری دے دی ہے۔
چار ہائی کورٹس کے مستقل چیف جسٹس کی تقرری کے لیے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس چیئرمین جوڈیشل کمیشن چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت ہوا۔
اجلاس میں سندھ، بلوچستان، پشاور اور اسلام آباد ہائی کورٹس کے مستقل چیف جسٹس صاحبان کی تقرری کے لیے ہر ہائی کورٹ کے سینئر ترین تین ججز کے ناموں پر غور کیا گیا۔
جوڈیشل کمیشن نے پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے لیے جسٹس عتیق شاہ کے نام کی منظوری دی ۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے لیے جسٹس سرفراز ڈوگرکے نام کی منظوری دی گئی۔
جوڈیشل کمیشن نے بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے لیے جسٹس روزی خان اور سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے لیے سینیئر ترین جج جسٹس جنید غفار کے نام کی منظوری دی۔