مذہبی منافرت پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی،وزیراعلیٰ

گلگت(پ،ر)وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ حکومت مذہبی منافرت پھیلانے والوں کیخلاف بلاتفریق سخت کارروائی کرے گی،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کی زیرصدارت امن وا مان کے حوالے سے اعلیٰ سطحی منعقد ہوا،اجلاس میں گلگت بلتستان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیاگیا ،وزیراعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان مزید کسی بھی مذہبی منافرت کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ امن وامان حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔ علمائے کرام سے ہماری درخواست ہے کہ گلگت بلتستان میں امن اور بھائی چارگی کی فضا کو قائم رکھنے میں حکومتی اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔ حکومت مذہبی منافرت پھیلانے والوں کیخلاف بلاتفریق سخت کارروائی کرے گی۔ صوبے کا امن خراب والوں کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاتفریق کارروائی ہوگی۔ ہم سب کو گلگت بلتستان کا امن عزیز ہے۔ کسی بھی علاقے کی ترقی کا انحصار امن وامان سے وابستہ ہے۔ بحیثیت مسلمان اور انسان ہمیں مجرموں کی پشت پناہی کرنے کے بجائے اچھے کو اچھا اور برے کو برا کہنے کی جر ت پیدا کرنی ہوگی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیاسی مقاصد کیلئے علاقے میں مذہبی منافرت پھیلانا پورے گلگت بلتستان کیساتھ دشمنی کے مترادف ہے۔ چھموگڑھ واقعے کے مجرموں کو گرفتار کیا جائے گااور قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ پارلیمانی امن کمیٹی گلگت بلتستان میں امن وامان کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے سٹیک ہولڈرز سے رابطہ کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر ہدایات دیں کہ جو سرکاری ملازمین سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے میں ملوث پائے جائیں ان کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں