حالیہ مون سون بارشوں کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 8 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اب تک ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 279 ہوگئی۔
نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹوں میں بارشوں کے باعث 8 افراد جاں بحق اور 21 زخمی ہوئے۔ پنجاب میں6، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں ایک ایک شہری جاں بحق ہوا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث زخمی ہونے والے 21 افراد کا تعلق پنجاب سے ہے۔
این ڈی ایم اے کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ بارشوں کے باعث اب تک جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 279 ہوگئی جبکہ 676 زخمی ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں بارشوں کے باعث 151 افراد جاں بحق، 536 زخمی ہوئے، خیبر پختونخوا میں بارشوں کے باعث 64 افراد جاں بحق، 80 زخمی، سندھ میں 25 افراد جاں بحق ، 40 زخمی ، بلوچستان میں بارشوں کے باعث 20 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان نے بارشوں کے باعث 9 افراد جاں بحق اور 4 زخمی، آزاد کشمیر میں 2 افراد جاں بحق، 10 زخمی ہوئے جبکہ اسلام آباد میں 8 افراد جاں بحق، 3 زخمی ہوئے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 24 گھنٹوں میں بارشوں کے باعث 362 گھروں کو نقصان پہنچا اور7 مویشی ہلاک ہوئے۔ بارشوں کے باعث اب تک 1553 گھر کو نقصان پہنچا ہے جبکہ 374 مویشی ہلاک ہوچکے۔