بالی ووڈ اداکارہ زرین خان نے سوشل میڈیا پر شادی نہ کرنےکا طعنہ دینے والے صارف کو کرارا جواب دے دیا۔
حال ہی میں ایک سوشل میڈیا صارف نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ کی ایک پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے انہیں ٹرول کیا کہ ‘شادی کرلو، بوڑھی ہورہی ہو’۔
صارف کے ٹرول کے بعد زرین خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر صارف کا کمنٹ شیئر کرتے ہوئے ویڈیو پیغام کے ذریعے انہیں دلچسپ جواب دیا۔
زرین خان نے جواب دیتے ہوئےکہا شادی ہر مسئلے کا حل نہیں اور میں اس سوچ کو سمجھنے سے قاصر ہوں جو شادی کو ہر مسئلےکا حل سمجھتے ہیں۔
انہوں نے صارف کےکمنٹ پر رد عمل دیتے ہوئے سوال بھی اٹھایا کہ اگر میں شادی کر لوں، تو کیا میں پھر سے جوان ہو جاؤں گی؟
اداکارہ کا کہناتھا کہ خواتین کی آزادی کو اکثر خطرہ سمجھا جاتا ہے۔ زرین نے کہاکہ خواتین کے لیے اپنے فیصلے خود کرنےکا حق ہونا چاہیے اور یہ کہ شادی کسی فرد کی کامیابی یا خوشی کی ضمانت نہیں ہو سکتی۔
یاد رہے کہ زرین خان نے اپنے کیریئر کا آغاز 2010 میں فلم ‘ویر’ سے کیا تھا، انہوں نے ہاؤس فل 2، ہیٹ اسٹوری 3 سمیت دیگر کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، زرین خان نے ہندی فلموں کے علاوہ پنجابی اور تامل فلموں میں بھی کام کیا ہے۔