دانش سکول، حکام سے بات ہوچکی ،جلد عملی اقدامات ہونگے،وزیر برقیات

گانچھے(چیف رپورٹر)صوبائی وزیر برقیات مشتاق حسین نے کہا ہے کہ ضلع گانچھے خصوصا ًحلقہ ون کے عوام کو جلد دانش اسکول کے قیام کی صورت میں ایک خوشخبری ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے متعلقہ حکام سے بات چیت ہو چکی ہے اور جلد عملی اقدامات کیے جائیں گے۔وزیر برقیات نے اس پیش رفت کو علاقے کے تعلیمی نظام میں ایک انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ دانش اسکول کے قیام سے مقامی طلبہ کو معیاری اور جدید تعلیمی سہولیات میسر آئیں گی۔ اس سے نہ صرف تعلیمی معیار میں بہتری آئے گی بلکہ کم وسائل رکھنے والے ہونہار طلبہ کو بھی اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا۔مشتاق حسین نے کہا کہ ہم محض دعوے کرنے پر یقین نہیں رکھتے بلکہ عملی خدمت پر توجہ دیتے ہےں دانش اسکول کے قیام کا مقصد علاقے میں تعلیمی سہولیات میں بہتری لانا اور نوجوان نسل کو روشن مستقبل کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ دانش اسکول جیسے تعلیمی منصوبے کسی بھی علاقے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اور اس اقدام سے گانچھے کے طلبہ کو بہتر مستقبل کے لیے تیاری کا موقع ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت تعلیمی معیار کو بلند کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی اور طلبہ کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں