کراچی(آئی این پی ) سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی نے حیرت انگیز منطق پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر چاند کی 14 تاریخ ہو تو بارش کا سارا پانی سمندر میں نہیں جاتا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں میڈیا سے گفتگو کے دوران سعید غنی کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ کراچی سے بارش کا سارا پانی سمندر میں جاتا ہے، ہماری پوری کوشش ہوتی ہے کسی طرح ہم جلد سے جلد پانی کو نکالیں لیکن اگر چاند کی 14 تاریخ ہو اور ان دنوں آپ توقع کریں کہ سمندر میں سارا پانی چلا جائے گا تو وہ نہیں جاتا ہے، یہ قدرتی نظام ہے جس کو سمجھنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ سعید غنی مزید کہہ رہے ہیں کہ کراچی شہر سطح سمندر سے نیچے ہے اور چاند کی جو تاریخیں ہوتی ہیں جن میں چاند مکمل ہوتا ہے تو اس وقت سمندر کی سطح بلند ہوتی ہے، اس وقت سمندر پانی اٹھاتا نہیں ہے، اب اگر کراچی سے پانی سمندر میں جارہا ہو اور سمندر کی سطح بلند ہو تو وہ پانی سمندر میں جائے گا نہیں، اس لیے کبھی کبھار یہ مشکلات بھی آتی ہیں، یہ اللہ کا نظام ہے اب یہ اس پر منحصر ہے کہ بارشیں کب اور کتنی ہوتی ہیں۔اس کے علاوہ ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ جب بارش آئی گی اور پانی آئے گا تو آپ کیا توقع کرتے ہیں میں کوئی سپرمین تو نہیں ہوں کہ اس پانی کو نیچے آ کر روک لوں، جب سڑک چلے گی اور راستہ بنے گا تو تبھی ہم اس پر سے گزر سکیں گے، ایسا نہیں ہے کہ پورا کراچی بارش کے پانی میں ڈوب گیا ہے، جن لوگوں کی جہاں ذمہ داریاں ہیں وہ وہاں موجود ہیں اور وہ کام کر رہے ہیں۔
اگر چاند کی 14 تاریخ ہو تو بارش کا پانی سمندر میں نہیں جاتا، سعید غنی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
