جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے چوڑیاں نہیں پہن رکھیں، میدان سیاست میں سر پر کفن باندھ کر کودنا ہوگا، امت مسلمہ نے اسرائیل کیخلاف ایک مؤقف نہ اپنایا تو ہاتھ ملتے رہ جائیں گے۔جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس عظیم اجتماع میں تمام سیاسی جماعتوں کی شرکت پر شکر گزار ہوں، مفتی محمود نے ہر میدان میں کامیابی حاصل کی، مفتی محمود نے پاکستان کی سیاست میں علماء کو اعتماد دیا۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سوویت یونین شکست کھا چکا، آج دنیا بدل گئی ہے، امریکا نے اسلام اور مذہب کے خلاف سوویت یونین والا رول ادا کیا، کہاں گیا مغرب، امریکا کا جمہوریت والا اصول؟ امت مسلمہ کواسرائیل کے خلاف ایک مؤقف اپنانا چاہئے، اگر امت مسلمہ نے بروقت فیصلہ نہ کیا تو ہاتھ ملتے رہ جائیں گے، تمام مسلم ممالک کو ایک قوت بننا ہوگا۔جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان کلمے کی بنیاد پر بنا، ہمیں اپنے گریبان میں جھانکنا ہوگا، ہمیں اللہ کے قانون کے سامنے جھکنا پڑے گا، ہم ایک سیکولر سٹیٹ کا روپ دھار چکے ہیں، ہمارے ملک کی شناخت تبدیل ہوچکی ہے، آج اس جلسے میں ملک کو اسلامی پاکستان بنانے کا عہد کرکے اٹھنا ہوگا۔مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ میدان سیاست میں سر پر کفن باندھ کر کودنا ہوگا، آئین و قانون کے دائرے میں جدوجہد کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں، اسٹیبلشمنٹ کی قیادت نے ہماری جماعت کو باہر رکھنے کا سوچا تھا، دھاندلی کی بنیاد پر ایک نام نہاد، یہودیوں کی ایجنٹ جماعت کو مسلط کیا گیا۔
سیاست میں سر پر کفن باندھ کر کودیں گے: فضل الرحمان
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
