نواز شریف کی واپسی پر قانون اور آئین کے مطابق معاملات نمٹائے جائیں گے، مرتضی سولنگی

نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کی واپسی پر قانون اور آئین کے مطابق معاملات نمٹائے جائیں گے۔ پیر کی شام پارلیمنٹ ہاﺅس میں قائمہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرکاری میڈیا پر تمام سیاسی جماعتوں اور تمام سیاسی رہنماﺅں کا برابر کوریج دی جائے گی اور کسی سے بھی امتیازی سلوک نہیں برتا جائے گا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کو وطن واپسی پر سیکیورٹی دینے کے سوال پر وزیر اطلاعات نے کہا کہ تمام معاملات ملکی قوانین اور آئین کے مطابق چلائے جائیں گے چونکہ وہ سابق وزیراعظم ہیں تو سیکیورٹی بھی ان کا حق ہے جو انہیں دیا جائے گا تاہم ہم عدالتی احکامات کے پابند ہوں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کو ضمانت دینا یا نہ دینا عدالت کا کام ہے،عدالت جو بھی حکم صادر کرئے گی ہم اس پر عملدرآمد کے پابند ہوں گے، نگران حکومت تمام سیاسی مفادات کا خیال رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں