بھارت بات کرے تو ٹھیک ورنہ ہمیں مسئلہ نہیں، اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی اعتماد وسٹریٹجک ہم آہنگی پر مبنی ہے،بھارت کا نیو نارمل کا بیانیہ دفن ہو چکا،اب مذاکرات برابری کی بنیاد پر ہوں گے،بھارت بات کرے تو ٹھیک ورنہ ہمیں کوئی مسئلہ نہیں۔چین روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی اعتماد اور سٹریٹجک ہم آہنگی پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی او اجلاس سے قبل پاکستان کا نکتہ نظر سی جی ٹی این کے پروگرام میں پیش کیا، چینی صدر شی جن پنگ کی قیادت اور بیلٹ اینڈ روڈ سمیت ترقیاتی اقدامات کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی او یوریشیا میں سیکیورٹی، تجارت، توانائی اور ثقافتی تعاون کا اہم پلیٹ فارم ہے، کثیرہتی، استحکام اور جامع ترقی کے فروغ میں ایس سی او کا کردار مزید اہم ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چینی قیادت اور رکن ممالک کے سربراہان سے تعمیری ملاقاتوں کے منتظر ہیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بھارت کا نیو نارمل کا بیانیہ دفن ہوچکا ہے، بھارت سے مذاکرات ہوں گے تو برابری کی بنیاد پر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت مذاکرات چاہتا ہے تو ٹھیک ہے ورنہ کوئی مسئلہ نہیں، ہم کسی کو نہیں کہہ رہے کہ ہر صورت مذاکرات کرائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جب آذر بائیجان اور آرمینیا کے معاملات درست ہو چکے تو ہمیں آرمینیا سے کیا مسئلہ ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ افغانستان سے ہمارا ایک ہی مطالبہ تھا کہ وہ کالعدم تحریک طالبان کے خلاف کارروائی کرے، ٹی ٹی پی کو ہمارے حوالے کرے یا ہماری سرحدوں سے دور لے جائے، افغانستان نے جو احتجاجی مراسلہ دیا ہے، اس کا جائزہ لیں گے، اصل وجوہات دیکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں