ہرضرورت مند تک مدد پہنچائی جائے، مریم نواز کی ہدایت

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ موجودہ صورتِ حال کا ہم کئی دہائیوں بعد سامنا کر رہے ہیں، ہم سب پنجاب کے عوام کو جواب دہ ہیں، سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے،سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں، پنجاب میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ریسکیو آپریشن کیا ہے ۔ریلیف آپریشن میں کوئی کمی نہیں آنی چاہئے،پنجاب میں سیلاب کی صورتِ حال اور امدادی سرگرمیوں سے متعلق جائزہ اجلاس میں انہوں نے کہا کہ مسلسل بارشوں اور بھارت کے پانی چھوڑنے سے صورتِ حال خراب ہوئی، بھارت نے اسپیل ویزکھولے جس سے دریا بپھر گئے، اس کے باوجود ہم نے سیلاب کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی منصوبہ بندی کی،متاثرہ علاقوں سے لوگوں کا بر وقت انخلا یقینی بنایا گیا، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، 6 لاکھ متاثرین، ساڑھے 4 لاکھ مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا،سیلاب کے دوران پوری ٹیم کی کارکردگی لائقِ تحسین ہے۔مریم نواز نے کہا کہ مزید اضلاع میں سیلاب کے خطرے کے پیشِ نظر بر وقت انخلا یقینی بنایا جائے، ملتان، اوکاڑہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، رحیم یار خان اور دیگر اضلاع میں پیشگی انتظامات یقینی بنائیں، ریلیف آپریشن پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے، ڈرونز کے ذریعے شناخت کریں کہ لوگوں کو کہاں مدد کی ضرورت ہے۔ا نہوںنے کہا کہ پی ڈی ایم اے کے بروقت اقدامات سے آبادیوں کو بچانے میں مدد ملی، پہلا مرحلہ لوگوں کو بچانا تھا جس میں کامیاب ہوئے، پانی کی نکاسی کے بعد مواصلاتی نظام کی فوری بحالی یقینی بنائی جائے۔مریم نواز نے کہا کہ کوئی بھی متاثرہ شخص خود کو تنہا نہ سمجھے، ہر ضرورت مند تک مدد پہنچنی چاہیے، متاثرین کو سہولتوں کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، متاثرین کے لئے صاف پانی، کھانے، ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، متاثرین کے لیے سکولوں کی عمارتوں کو بھی استعمال میں لایا جا سکتا ہے،کرتارپور میں فوری نکاسی آب یقینی بنانے پر ٹیم کو شاباش دیتی ہوں جبکہ انہوں نے بارڈر پار سے بھی کرتارپور کی صفائی میں حصہ لینے والوں کی خدمات کوسراہا۔مریم نواز شریف نے کہا کہ پاک آرمی کے لیے دعاگو ہوں، اللہ ان کو سلامت رکھے، آرمی نے ریسکیو آپریشن میں انتظامیہ کی بھرپور مدد کی، ان کا شکریہ اداکرتی ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں