کراچی(آئی این پی )سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اپنی تاریخی فتح کا جشن منا رہی ہے،پاک فوج نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا،پاک فضائیہ کے شاہینوں نے تاریخی کارنامہ انجام دے کر پوری دنیا کو اپنی صلاحیتوں کا معترف بنا دیا، پیپلز پارٹی کی جانب سے بھی ملک بھر میں تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف 70 ہزار سے زائد قیمتی جانوں کی قربانی دی اور پاک فوج نے دشمن کی ہر جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد بھارت نے ایک پرامن پاکستان پر جنگ مسلط کی لیکن پاک فضائیہ کے شاہینوں نے تاریخی کارنامہ انجام دے کر پوری دنیا کو اپنی صلاحیتوں کا معترف بنا دیا۔شرجیل میمن نے کہا کہ پاکستان نے پہلگام واقعے کی نہ صرف مذمت کی بلکہ اس کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سفارتی اور جنگی محاذ پر بھارت کے خلاف بھرپور کامیابی حاصل کی، جبکہ بھارت نے سچ کو چھپانے کے لیے پاکستانی میڈیا اور سوشل میڈیا پر پابندیاں لگائیں۔سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور ہماری مسلح افواج نے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ پاکستانی سرزمین پر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں اور بھارت کے مفادات ایک جیسے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے پی ٹی آئی کو بات چیت کی دعوت خوش آئند ہے، جبکہ صدر ٹرمپ نے بھی جنگ کی بجائے تجارت پر زور دیا۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ مودی نے ہمیشہ جنگی جنون کو اپنی سیاست کا حصہ بنایا، ایک ایسا شخص جس پر کبھی امریکہ میں داخلے پر پابندی تھی، آج بھارت کا وزیراعظم ہے اور اس نے ڈیڑھ ارب عوام کی زندگیاں خطرے میں ڈال دی ہیں۔
پاک فوج نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، شرجیل میمن
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
