اسلام آباد: نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم (سرٹ) نے خبردار کیا ہے کہ عالمی ڈیٹا لیک میں 18 کروڑ سے زائد سوشل میڈیا صارفین کے پاس ورڈز اور حساس معلومات چوری ہو چکی ہیں۔ متاثرہ پلیٹ فارمز میں گوگل، فیس بک، ایپل، انسٹاگرام، اسنیپ چیٹ اور بعض حکومتی ویب سائٹس شامل ہیں۔
ایڈوائزری کے مطابق معلومات “انفوسٹیلر” میلویئر کے ذریعے چرائی گئیں، جس سے شناخت چوری، اکاؤنٹ ہیکنگ، اور رینسم ویئر حملوں کا خطرہ ہے۔
سرٹ نے پاکستانی صارفین کو فوری طور پر پاس ورڈز تبدیل کرنے، ٹو فیکٹر ویری فکیشن فعال کرنے، اور اینٹی وائرس سافٹ ویئر اپ ڈیٹ رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ ساتھ ہی، مشکوک ای میلز اور پاس ورڈ ری سیٹ لنکس پر کلک کرنے سے گریز کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ایڈوائزری میں اداروں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ متاثرہ صارفین کو فوری طور پر آگاہ کریں تاکہ قومی ڈیجیٹل نظام کو لاحق خطرات سے بچا جا سکے۔