گلگت بلتستان میں قیام امن کیلئے مشترکہ طورپر کام کیاجائے گا، ایپکس کمیٹی

گلگت(پ ر)وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کے زیر صدارت گلگت بلتستان اپیکس کمیٹی کا اہم اجلاس اپیکس کمیٹی روم جٹیال گلگت میں منعقد ہوا،اجلاس میں افواج پاکستان کو آپریشن بنیان المرصوص میں شاندار کامیابی پر خراج تحسین پیش کیا گیا اورفیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی وژنری اور بے باک قیادت کو سنہری الفاظ میں سراہاگیا۔اجلاس میں خطے کی مجموعی سیکیورٹی، امن و امان، لا اینڈ ارڈر، توانایی اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں دیامر بھاشا ڈیم کی سیکورٹی پرخصوصی غور و خوض کیا گیا، جس کے تحت اس اہم قومی منصوبے کی پیشرفت اور اس سے وابستہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔علاوہ ازیں قراقرم ہائی وے اور جگلوٹ سکردو روڈ کی سیفٹی اور سیکیورٹی کے معاملات، سیاحت کے فروغ اور تعلیمی شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے بھی جامع گفتگو ہوئی۔وزیر اعلی گلگت بلتستان نے اجلاس کے دوران متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ محرم کے دوران امن وامان قائم رکھنے کے لیے تمام ادارے مل کے کام کریں اورعوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد یقینی بنایا جایے، تاکہ خطے کی ترقی اور استحکام کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔ اس موقع پر کمانڈر ایف سی این اے نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کسی بھی موقع پر علاقے کی امن و امان کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے تیار ہیں اور کسی بھی غیر قانونی عمل کو کامیابی سے روکنے کے لیے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امن کی بحالی کے لیے عوامی تعاون انتہائی ضروری ہے۔اجلاس میں اعلی سول و عسکری حکام سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے نمایندوں نے مختلف امور پر اپنی تجاویز پیش کیں۔اجلاس کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ گلگت بلتستان میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کیا جائے گا اور تمام سٹیک ہولڈرز اس عمل میں مکمل تعاون کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں