گلگت بلتستان میں انسداد پولیو مہم کو موثر بنایاجائے، مصطفی کمال

گلگت (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزآیرِ صحت سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ملک کو پولیو فری بنانے کے لئے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ گلگت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر گلگت آیا ہوں تاکہ حالیہ دنوں ضلع دیامر میں رجسٹرڈ ہونے والے پولیو کیس کے حقائق معلوم کئے جاسکیں۔ محکمہ صحت گلگت بلتستان کی صحت کے شعبے میں کئے جانیوالے اقدامات لائق تحسین ہیں انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں پولیو کے 11 کیسز رجسٹرڈ ہوئے ہیں جبکہ پوری دنیا میں پاکستان اور افغانستان میں پولیو کا مرض موجود ہے انہوں نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلا کر عمر بھر کی معذوری سے بچائیں، وفاقی وزیر نے انسدادِ پولیو کی موجودہ صورتِ حال، درپیش چیلنجز اور آئندہ کے لائحہ عمل پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں وہی موثر اور محفوظ ویکسین استعمال ہو رہی ہے، جو یورپ، چین، امریکہ اور دنیا کے دیگر تمام ممالک، بشمول مسلم ممالک، میں پولیو کے خاتمے کے لیے استعمال کی جا چکی ہے۔سید مصطفی کمال نے بتایا کہ افغانستان میں اس وقت وسیع پیمانے پر انسدادِ پولیو مہم جاری ہے، اور “طالبان کی حکومت گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلا رہی ہے۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ منفی پروپیگنڈے کو مسترد کریں اور ہر بار بچوں کو پولیو کے قطرے پلوا کر ان کا مستقبل محفوظ بنائیں خدارا بچوں سے دشمنی نہ کریں، یہی بچے کل آپ کا سہارا بنیں گے۔ ہر گلی، محلے، گائوں اور قصبے کا ہر فرد پولیو کے خلاف جنگ میں شریک ہو۔” انہوں نے کہا کہ جب تک کمیونٹی کا شعور نہیں بڑھے گا، وائرس کے پھیلائو کو روکنا ممکن نہیں، وفاقی وزیرِ صحت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وفاقی حکومت، صوبائی انتظامیہ اور شراکت دار اداروں کے ساتھ مل کر ملک بھر میں انسدادِ پولیو مہمات کو مزید موثر بنایا جائے گا تاکہ پاکستان کو پولیو سے مکمل طور پر پاک کیا جا سکے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر گلگت بلتستان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے حالیہ پولیو کیس کے تناظر میں انسدادِ پولیو اقدامات کا جائزہ لیا اور اہم اسٹیک ہولڈرز سے ملاقاتیں کیں۔ ان کے ہمراہ وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو، عائشہ رضا فاروق بھی موجود تھیں۔وفاقی وزیرِ صحت نے گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں رواں برس سامنے آنے والے پہلے پولیو کیس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے کئی اضلاع میں پولیو وائرس کی موجودگی باعثِ تشویش ہے۔ آج ہماری نہایت اہم ملاقاتیں ہوئیں جن میں انسدادِ پولیو کے حوالے سے جامع مشاورت کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں