حق کیساتھ کھڑا ہونا اور مظلوم کا ساتھ دینا قابل تحسین،آغاراحت الحسینی

گلگت(پ ر)کنٹریکٹر ایسوسی ایشن گلگت بلتستان کے ایک نمائندہ وفد نے مرکزی امامیہ جامع مسجد گلگت کا دورہ کیا اور انجمن امامیہ گلگت بلتستان کے صدر، کابینہ، اور قائد ملتِ جعفریہ گلگت بلتستان آغا سید راحت حسین الحسینی سے خصوصی ملاقات کی۔وفد کی قیادت کنٹریکٹر ایسوسی ایشن گلگت بلتستان کے صدر رحمت اللہ صاحب نے کی۔ اس موقع پر وفد نے ایران کی حالیہ جنگ میں فتح پر ملتِ جعفریہ کو دلی مبارکباد پیش کی اور خوشی کے اظہار کے طور پر مٹھائیوں کا تحفہ پیش کیا۔ رحمت اللہ نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاایران کی فتح دراصل ملتِ اسلامیہ کی فتح ہے۔ امریکہ اور اسرائیل کی شکست نے واضح کر دیا کہ مسلمانوں کے درمیان تفرقہ ڈالنے کی تمام سازشیں ناکام ہو چکی ہیں۔ اگر ایران بھی باقی اسلامی ممالک کی طرح خاموش رہتا تو اس پر کوئی فرق نہ پڑتا، مگر ایران نے مظلوم فلسطینی عوام اور غزہ کے نہتے مسلمانوں کا ساتھ دے کر عالم اسلام کے ضمیر کو زندہ کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہآج فلسطین ،ایران، لبنان، یمن اور قدس کے دیگرشہدا کی قربانیوں کے بعد، پوری امت مسلمہ اللہ کے دین کی سربلندی کے لیے یکجا ہو چکی ہے۔ اللہ نے اپنے دین کے لیے جان قربان کرنے والوں کو شہادت کا عظیم رتبہ عطا کیا ہے، جو دراصل ایک روحانی کامیابی ہے۔ ایسے وقت میں رہبر معظم سید علی خامنہ ای مدظلہ العالی کا پیغام تمام مسلمانوں کے لیے روشنی کا مینار ہے۔اس موقع پر قائد ملت جعفریہ گلگت بلتستان آغا راحت حسین الحسینی نے وفد کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ ہم کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کے صدر رحمت اللہ اور ان کے تمام وفد کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ایران کی اسلامی و روحانی فتح پر ملت جعفریہ کے ساتھ اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ ایسے وقت میں حق کے ساتھ کھڑا ہونا اور مظلوم کا ساتھ دینا یقینا قابلِ تحسین ہے۔آغا نے وفد کے لیے دعا کرتے ہوئے فرمایا کہاللہ تعالی آپ کو اپنے دین اسلام، اور انسانیت کی خدمت کی مزید توفیق عطا فرمائے، اور آپ کو ہمیشہ حق کے راستے پر ثابت قدم رکھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں