گلگت بلتستان میں سرکاری ملازمین پر احتجاجی سرگرمیوں میں شرکت کی سخت پابندی

گلگت(سٹاف رپورٹر)گلگت بلتستان میں سرکاری ملازمین پر احتجاجی سرگرمیوں میں شرکت کی سخت پابندی عائد کر دی گئی ہے۔گلگت بلتستان حکومت نے تمام سرکاری ملازمین کو صوبائی حکومت کے خلاف احتجاج، مظاہروں یا ہڑتال میں حصہ لینے سے روک دیا ہے۔ سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کیبنٹ ڈیپارٹمنٹ کے جاری کردہ سرکولر کے مطابق اتھارٹی نے سرکاری ملازمین کی جانب سے حکومت مخالف سرگرمیوں میں شمولیت پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ سرکولر میں واضح کیا گیا ہے کہ حکومت سرونٹس (کنڈکٹ) رولز 1964 کے تحت ایسی سرگرمیوں میں شرکت سنگین انضباطی خلاف ورزی تصور ہوگی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف معطلی سمیت سخت کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایسے اقدامات عوامی نظم اور انتظامی استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔ تمام ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز، محکمانہ سربراہان اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یقینی بنائیں کہ ان کے ماتحت عملہ کسی بھی قسم کی حکومت مخالف سرگرمی میں ملوث نہ ہو۔ سرکولر میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ، ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشنز اور ریسکیو 1122 سمیت 12 محکموں کو اس ہدایت کی فوری تنفیذ کی تاکید کی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں