بجٹ عوام دشمن، حمایت نہیں کر سکتے،جاوید منوا

گلگت (خصوصی رپورٹ) رکن اسمبلی جاوید علی منوا نے بجٹ کو نادیدہ بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس بجٹ میں کچھ نظر آ رہا ہے، کچھ پس پردہ ہے۔ بدھ کے روز بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ عوام دشمن، سیاست دان دشمن، ممبر دشمن، ملازم دشمن، ایوان دشمن بجٹ ہے ہم اس کی حمایت نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ غلام شہزاد آغا اور جمیل احمد خود فریبی کا شکار نہیں ہوئے اور ایوان میںحقائق بیان کیے۔ بجٹ میں کسی ممبر کو ایک روپیہ بھی نہیں دیا گیا جبکہ وزیر اعلی کیلئے 30 کروڑ روپے کا بلاک رکھا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ بجٹ کتاب میں 124 ارب تھرو فارورڈ لکھا گیا ہے، وزیر پلاننگ نے ایوان میں کہا کہ 137 ارب تھرو فارورڈ ہے، جبکہ وفاق کی کمیٹی نے 162 ارب روپے کا تھرو فاروڈ لکھا ہے۔ تھرو فارورڈ کی کل رقم کتنی ہے کسی کے علم میں نہیں ہے۔ ان تینوں اعداد و شمار میں ہم کس کو درست تسلیم کریں؟ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں آمدنی میں اضافے کیلئے گلگت بلتستان ریونیو اتھارٹی بنایا تھا جس کے تحت ٹیلی کام سروسز، سوست پورٹ اور بنک سے ٹیکس لینے کیلئے بل بنایا تھا مگر اس پر اب تک عمل نہیں ہوا۔ اپوزیشن کے سید سہیل عباس شاہ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے منتخب نمائندوں اور عوام کے ساتھ فراڈ ہو رہا ہے، سی ایم بلاک میں 30 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں یہ غلط استعمال ہو گا اسے ختم کیاجائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں