ہم کبھی بھی جمہوریت پر شب خون مارنے کی کوششوں کا حصہ نہیں بنیں گے،کاظم میثم

گلگت(خصوصی رپورٹ)اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی محمد کاظم میثم نے کہا ہے کہ ہم کبھی بھی جمہوریت پر شب خون مارنے کی کوششوں کا حصہ نہیں بنیں گے اور ایک چھوٹی سی لالی پاپ اور نظر نہ آنے والی کرسی کیلئے عوام سے غداری نہیں کرینگے۔ انہوں نے بدھ کے روز بجٹ پر بحث کے دوران کہا کہ گلگت بلتستان میں جو لبنان طرز کا سیٹ اپ بنایا گیا ہے اس پر ہم لعنت بھیجتے ہیں، اگر گورنر، وزیر اعلی اور سپیکر ایک ہی مسلک سے ہوں تو ہم دل سے قبول کرینگے مگر ہم ہر قسم کی تفریق کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ اس اسمبلی پر حکومت میں شامل اتحادی جماعت وار کرتی ہے اور پورے خطے توہین کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بجٹ کے نقائص کی نشاندہی کرینگے اور کسی بھی قسم کی ناانصافی کو برداشت نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ پبلک سکول سکردو میں طلبا کی تعداد چار ہزار سے زائد ہے اسے 35 لاکھ روپے کی گرانٹ دی گئی ہے جبکہ پبلک سکول جوٹیال گلگت میں طلبا کی تعداد چار ہزار سے کم ہے اسے 53 لاکھ روپے اور پبلک سکول دیامر کیلئے 10 لاکھ روپے کی گرانٹ دی گئی ہے، آخر یہ ناانصافی کیوں کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی پی ایس ڈی پی منصوبوں سے تھک پاور پراجیکٹ اور غواڑی پاور پراجیکٹ کو ختم کر دیا گیا ہے، سکردو سیوریج پراجیکٹ کا کچھ اتہ پتہ نہیں ہے۔ اس صورتحال میں ہم بجٹ کی حمایت نہیں کرسکتے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں