پشاور(آئی این پی )مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو مائنس کرنے کا خواب کبھی بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا،خیبر پختونخوا حکومت میں نئے وزرا شامل کیے جارہے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے ملاقات کے دوران جو تجاویز دی وہ بجٹ میں شامل ہیں ۔اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ مخالفین آئین، قانون اور انصاف کا جنازہ نکالنے کے باوجود بھی عمران خان کو مائنس کرنے میں ناکام رہے، تحریک انصاف کے بعض کارکنان بھی غیر دانستہ طور پر اس منفی مہم کی زد میں آگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مخالفین دل بہلانے کے لئے جو چاہیں کر لیں، مگر حقیقت سے چشم پوشی نہ کریں۔صوبائی مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ عوام عمران خان کو مائنس کرنے کے بجائے پلس کر رہے ہیں، قید میں ہونے کے باوجود بانی پی ٹی آئی جعلی حکمرانوں کے اعصاب پر سوار ہیں، حکمران عمران خان کی وجہ سے شدید ذہنی دبا ﺅ کا شکار ہیں۔ دریں اثنا ابیٹ آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت میں جلد نئے وزرا شامل کیے جا رہے ہیں ۔بانی پی ٹی آئی کا ان پر مکمل اعتماد ہے اسی لیے ان کی ملاقاتوں پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بجٹ ایک آئینی تقاضا تھا جسے ہم نے کامیابی سے پاس کیا۔ میں نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے دوران بجٹ سے متعلق جو تجاویز پیش کیں وہ تمام تجاویز بجٹ میں شامل کی گئی ہیں۔انہوں نے پنجاب کی وزیراعلی مریم نواز پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹک ٹاکر وزیر اعلی کو 10 کھرب روپے کے اخراجات کا حساب دینا ہوگا۔
عمران خان کو مائنس کرنے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا، بیرسٹر سیف
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل
