محرم الحرام اتحاد بین المسلمین کا درس دیتا ہے، گورنر

اسلام آباد(پ ر)گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے محرم الحرام کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ محرم الحرام قربانی اور اتحاد بین المسلمین کا درس دیتا ہے دعا ہے کہ اللہ تعالی ہمیں حضرت امام حسین علیہ السلام کی سیرت اور قربانی سے درس لینے کی توفیق عطا فرمائے۔گلگت بلتستان کی سرزمین ہمیشہ سے مذہبی ہم آہنگی اور اتحاد کی مثال رہی ہے۔ اس میں علما کرام، مذہبی رہنمائوں اور تمام سٹیک ہولڈرز کا کردار انتہائی قابل تحسین ہے جنہوں نے اپنی حکمت اور بصیرت سے علاقے میں امن و سلامتی کو یقینی بنایا ہے۔ میں ان تمام علما کرام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے ہمیشہ اتحاد بین المسلمین کے فروغ کے لیے کام کیا ہے۔میرا گلگت بلتستان کے عوام سے یہ پیغام ہے کہ محرم الحرام کے موقع پر امام حسین علیہ السلام کی زندگی اور ان کی عظیم قربانی کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں۔ حسینی کردار کو اپناتے ہوئے دنیا بھر میں پیغام حسین کو پھیلائیں۔ امام حسین علیہ السلام نے حق و صداقت اور عدل و انصاف کی راہ میں جو قربانی دی، وہ ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے۔ آئیے، ہم سب مل کر ان کے پیغام کو اپنی زندگیوں میں نافذ کریں اور دنیا کو ایک پرامن اور متحد معاشرہ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔اللہ تعالی ہمیں حضرت امام حسین علیہ السلام کی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمارے علاقے میں ہمیشہ امن و امان اور بھائی چارہ قائم رکھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں