منصوبوں پر سیاست کے بجائے اجتماعی مفادات کو ترجیح دینی چاہیے، وزیراعلیٰ

گلگت (پ ر) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے شہید سیف الرحمن ہسپتال کے زیر تعمیر او پی ڈی بلاک کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہید سیف الرحمن ہسپتال گلگت بلتستان کے مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کررہاہے۔ ہسپتال میں گرد و نواح سے مریضوں کی بڑی تعداد علاج کرانے کیلئے آتی ہے۔ صحت کا شعبہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ زیر تعمیر او پی ڈی بلاک کا کام منصوبے کے مطابق مکمل کرانے اور اس ہسپتال کیلئے درکار حفاظتی بند سمیت ہسپتال میں سائیڈ رومز کی تعمیر کیلئے پی سی 1کو ریوائز کیا جائے گا جس کیلئے محکمہ پلاننگ اور متعلقہ محکمے کو ہدایت دی جائے گی تاکہ مفاد عامہ یہ اہم منصوبہ متاثر نہ ہو۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہید سیف الرحمن ہسپتال کیلئے درکار طبی آلات کی خریداری کے عمل کو قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے جلد مکمل کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے طبی ہسپتالوں اور طبی سہولیات کی بہتری کے حوالے سے صوبائی سیکریٹری صحت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کارڈک ہسپتال گلگت انتہائی اہم منصوبہ ہے اس ہسپتال کو جلد از جلد مکمل فعال بنایا جائے۔ کارڈک ہسپتال کیلئے بھی درکار طبی آلات کی خریداری کے عمل کو تیز کریں اور ڈاکٹرز ہاسٹل کی بلڈنگ کے کام کو بھی جلد مکمل کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مفاد عامہ کے اہم منصوبوں پر سیاست کرنے کے بجائے ہمیں اجتماعی مفادات کو ترجیح دینا چاہئے۔ مفاد عامہ کے منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر سے قومی خزانے اور علاقے کو نقصان ہوتا ہے۔ اس موقع پر صوبائی سیکریٹری صحت اور صوبائی سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقی نے زیر تعمیر او پی ڈی بلاک کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں