گلگت بلتستان اسمبلی، محکمہ مال ملازمین کے ڈیلی الائونس میں اضافے کی قرارداد منظور

گلگت(خصوصی رپورٹ)گلگت بلتستان اسمبلی نے ایک قرارداد کی متفقہ منظوری دی ہے جس میں محکمہ مال کے فیلڈ سٹاف کیلئے ڈیلی الائونس میں اضافہ سال 2024 کے مقررہ ریٹس کے مطابق کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ مالی سال 2025-26 کے سالانہ بجٹ میں گلگت بلتستان کےمختلف محکموں میں کام کرنے والے ملازمین کے الائونس میں اضافہ کیا گیا ہے تاہم محکمہ ریونیو کے پٹواری، گرداور، فیلڈ قانونگو، ریکارڈ کیپر، نائب تحصیلدار اور تحصیلدار اس سہولت سے محروم رہے ہیں، یہ امر نہایت افسوسناک ہے کہ مذکورہ ملازمین کو اب بھی سال 2011 اور 2017 کے فکس ریٹس کے مطابق ڈیلی الائونس دیا جا رہا ہے جبکہ دیگر محکموں کے ملازمین کیلئے الائونس میں حالیہ اضافہ کیا جا چکا ہے۔ اس تفریق کے باعث محکمہ مال کے فیلڈ سٹاف میں شدید مایوسی پائی جا رہی ہے۔ لہذا یہ ایوان وزیرا علی گلگت بلتستان سے پرزور مطالبہ کرتا ہے کہ محکمہ مال کے مذکورہ فیلڈ سٹاف کیلئے ڈیلی الائونس میں اضافہ سال 2024 کے مقررہ ریٹس کے مطابق منظور کیا جائے اور دیگر محکموں کے ملازمین ڈیلی الائونس کے نوٹیفکیشن کے ساتھ ساتھ ساتھ محکمہ مال کے ملازمین کیلئے بھی ڈیلی الانس میں اضافے کا الگ نوٹیفکیشن فوری طور پر جاری کیا جائے۔ یہ قرارداد جمعرات کے روز امجد حسین ایڈووکیٹ نے ایوان میں پیش کی جس کی تمام ممبران نے حمایت کی۔ جس پر سپیکر نے قرارداد کی متفقہ منظوری کا اعلان کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں